۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
شیخ محمد فیاض ارزگانی
مسئلہ فلسطین کے حل کے ساتھ ہی دنیا امن کا گہوارہ بن سکتی ہے

حوزہ / شیعہ علماء کونسل افغانستان کے ترجمان نے کہا: حقوق بشر کے ادارے اور بالخصوص اقوام متحدہ ملت فلسطین کے حقوق کے دفاع میں اقدامات کریں کیونکہ جب تک مسئلہ فلسطین حل نہیں ہوگا اور ملت فلسطین کو ان کا حق نہیں ملے گا دنیا میں امن بھی قائم نہیں ہوگا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حجت الاسلام محمد فیاض ارزگانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عالمی یوم القدس کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے کہا :یوم القدس درحقیقت ملت فلسطین کی صدائے احتجاج کو زندہ رکھنے کا دن ہے۔

انہوں نے کہا: بعض ممالک اور دنیا کی بڑی طاقتوں کی کوشش ہے کہ ظلم و ستم سے ستائی ہوئی اس ملت کی صدا کو خاموش کر دیا جائے لیکن دنیا کے آزادی پسند مسلمانوں کی ہمت سے ان کا یہ خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔

حجت الاسلام محمد فیاض ارزگانی نے دنیائے اسلام پر تکفیری اور دہشت گرد گروہوں کے فتنوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: افغانستان ہر روز کسی خونی سانحہ کا شکار ہوتا ہے اور حالیہ دنوں میں دنیا نے دہشت گردوں کے وحشیانہ جرائم کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔

شیعہ علماء کونسل افغانستان کے ترجمان نے کہا: قدس اور مسئلہ فلسطین امت اسلامی کے لیے عقیدتی اور انسانی مسئلہ ہے کیونکہ قدس شریف مسلمانوں کا قبلہ اول ہے جو اس وقت غاصب صہیونیوں کے قبضے میں ہے اور اسرائیل اسے یہودی میراث قرار دینا چاہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا : ملت فلسطین گذشتہ 70 سالوں سے اسرائیل کے محاصرے اور قید وبند میں ہے یا اپنی سرزمین سے باہر سرگرداں ہے۔

حجت الاسلام ارزگانی نے کہا: امت اسلامی کی دینی اور انسانی ذمہ داری ہے کہ وہ فلسطین کی آزادی کیلئے جدوجہد کرے۔

انہوں نے کہا: انسانی حقوق کے علمبردار کہلانے والے اداروں اور اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ ملت فلسطین کے حقوق کے دفاع کے لیے اقدامات کریں کیونکہ جب تک مسئلہ فلسطین حل نہیں ہوگا اور ملت فلسطین کو ان کے حقوق نہیں ملیں گے دنیا میں امن و امان قائم  نہیں ہوگا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .