۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
کانفرنس

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بسلسلہ ولادت با سعادت حضرت امام علی رضا علیہ السلام و بی بی فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا ویڈیو کانفرنس منعقد کی گئی۔ کانفرنس کا عنوان تھا انسانی فضائل و کمالات میں اہل بیت کا کردارکانفرنس سے پاکستان کے جید علماء کرام اور دانشور حضرات نے خطاب کیا۔ کانفرنس کے آغاز میں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ قرآن کریم نے جن اعلیٰ انسانی اقدار اور اخلاق کا ذکر کیا ہے۔ اس کا عملی نمونہ اہل بیت رسول اللہ ص کا کردار ہے۔ آل محمد نے اپنے کریمانہ اخلاق اور کردار کے ذریعے لوگوں کو اعلی انسانی فضائل اور کمالات سے روشناس کرایا۔ آل محمد کے کردار میں علم و حلم سخاوت و شجاعت عفو و درگذر اور ایثار جیسی اعلی قدریں موجود ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی سیکرٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زھراء نقوی نے کہا کہ امام علی رضا علیہ السلام اعلی کردار اور کریمانہ اخلاق کے مالک تھے۔ حضرت فاطمہ معصومہ ع کے کردار میں سیدہ کائنات خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے کردار کی خوشبو آتی ہے۔  

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک کے ممتاز عالم دین علامہ محمد امین شہیدی نے کہا کہ اہل بیت اور قرآن کریم امت مسلمہ کے درمیان دوگرانقدر نعمتیں ہیں۔ سید الانبیاء حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے آخری خطاب میں فرمایا تھا کہ میں دو چیزیں چھوڑے جارہا ہوں ایک قرآن اور دوسرے اہل بیت اور یہ ایک دوسرے سے کبھی جدا نہیں ہوں گے یہاں تک کہ حوض کوثر پہ آ کے مجھ سے ملیں۔ قرآن کریم نے جن  اعلی انسانی فضائل کا ذکر کیا ہے ان کا عملی نمونہ حضرت محمد مصطفی ص اور حضور کے اہل بیت کے کردار میں نظر آتا ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اہلسنت کے جید عالم دین مفتی گلزار احمد نعیمی نے کہا کہ امام علی رضا علیہ السلام اپنے دور کے بہت بڑے عالم دین اور عظیم مفسر قرآن اور محدث تھے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ثاقب اکبر نے کہا کہ امام عالی مقام سے نیشابور کے مقام پر مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے جو حدیث مبارکہ نقل کی ہے اسے سلسلہ الذھب کا نام دیا گیا۔

 کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل خانہ فرھنگ کوئٹہ جناب سید حسین تقی زادہ واقفی نے کہا کہ امام علی رضا علیہ السلام کے ایام ولادت کو عشرہ کرامت کے طور پر منایا جاتا ہے جب کہ سیدہ فاطمہ معصومہ یوم ولادت پر پوری دنیا میں ڈاٹرز ڈے یعنی یوم دختر بیٹی کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ کانفرنس میں ممتاز عالم دین علامہ غلام حسنین وجدانی، پیر سید حبیب اللہ شاہ چشتی، کونسل جنرل آقائے درویش وند نے خصوصی شرکت کی۔ جبکہ معروف شاعر جناب ظفر عباس ظفر نے نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .