۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
اسلام آباد، آیت اللہ العظمی سید ابوالقاسم خوئی ؒ کی انتیسویں برسی عقیدت واحترام سے منائی گئی

حوزہ/ جامعۃ الکوثر اسلام آباد کے زیراہتمام مرجع جہان، تشیع زعیم حوزہ علمیہ نجف اشرف اور آسمان فقاہت کے عظیم ستارے آیت اللہ العظمی سید ابوالقاسم الخوئی ؒ کی انتیسویں برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرجع جہان، تشیع زعیم حوزہ علمیہ نجف اشرف اور آسمان فقاہت کے عظیم ستارے آیت اللہ العظمی سید ابوالقاسم الخوئی ؒ کی برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔برسی کی مناسبت سے دنیا بھر میں  پروگرام منعقد کیے گئے جن کا مقصد آیت اللہ العظمی سید ابولقاسم  الخوئی ؒ کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرنا تھا۔اسی مناسبت سے جامعۃ الکوثر اسلام آباد کے زیراہتمام عظیم الشان پروگرام منعقد کیاگیا۔

پروگرام کاآغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا  جس کے بعد نعت رسول مقبولﷺ پڑھی گئی۔پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے  جامعۃ الکوثر کے استاد اور معروف عالم دین حجۃالاسلام والمسلمین مولانا فداحسین مطہری نے کہا کہ آغا خوئیؒ زمانہ طالب علمی سے انتہائی متواضع تھے،عام طلبا کی طرح عام مدارس میں رہے اور انہی کی طرح زندگی  گزاری ۔

یہ ان کی  مسلسل محنت اور کردار تھا کہ اللہ تعالی نے انہی اجتہاد اور مرجعیت کے  مرتبے پر فائز کیا اس کے باوجود ان کی زندگی میں کوئی فرق نہیں آیا وہی سادگی رہی۔انہوں نے دنیا بھر میں علمی و تعلیمی  ادارے قائم کیے  جامعۃ الکوثر جس کے فیوض و برکات میں سے ہے جو ملت پاکستان کی دینی و مذہبی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دے رہا ہے۔پروگرام سے   حجۃالاسلام والمسلمین علامہ انور علی نجفی نے بھی خطاب فرمایا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں  آیت اللہ العظمی سید ابوالقاسم خوئی ؒکو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں کہا کہ آغا خوئی نے سادہ زندگی بسر کی  اور ہر کسی کو اس کی تلقین بھی کی،آپ کے بیٹے جس وقت آپ مرجع تھے اس وقت عام طالب علموں کی طرح پڑھتے تھے۔آج دنیا بھر  آپ کے شاگردوں اور آپ کی تصنیفات کے ذریعے اشاعت علم دین ہو رہی ہے۔تمام بڑے ممالک میں آپ کی کاوشوں سے  خدمت اسلام کے ادارے قائم ہوئے جو مسلسل امت کی رہنمائی کر رہے ہیں۔آپ نے علم  کی دنیا میں انقلاب برپا کیا آپ کی شمع علم کو آپ کے شاگرد دنیا کے گوشے گوشے میں روشن کر رہے ہیں۔

اس پروگرام میں علمائے کرام،طلاب دینی اور معززین کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی ۔یہ پروگرام جامعۃ الکوثر کے زیراہتمام  جامعہ  کے المصطفی  آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .