۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 20, 2024
جمعیت علمائے اسلام کے زیراہتمام فرانسیسی صدر و فرانس میں شائع گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاجی ریلی

حوزہ/ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ فرانس سمیت یورپ میں رسول اللہ کے گستاخانہ خاکے قابل مذمت ہیں, آزادی اظہار رائے کے نام پر اسلام کے مقدسات کی توہین ناقابل برداشت ہے، ہم کٹ تو سکتے ہیں لیکن عزت و ناموس رسالت پر کوئی آنچ قبول نہیں کر سکتے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعیت علمائے اسلام ضلع ملتان کے زیر اہتمام فرانس میں ہونے والی گستاخیوں کے خلاف چوک نواں شہر سے ملتان پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت جمعیت علمائے اسلام ضلع ملتان کے امیر علامہ ایاز الحق قاسمی نے کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ فرانس سمیت یورپ میں رسول اللہ کے گستاخانہ خاکے قابل مذمت ہیں۔ آزاری اظہار رائے کے نام پر اسلام کے مقدسات کی توہین ناقابل برداشت ہے، ہم کٹ تو سکتے ہیں لیکن عزت و ناموس رسالت پر کوئی آنچ قبول نہیں کر سکتے۔ آج عالم اسلام کی خاموشی مجرمانہ ہے۔

ربیع الاول کا یہ مقدس مہینہ عظمت رسالت کو بیان کرنے کا مہینہ ہے اسلام دشمن گماشتوں نے اس مہینے میں سرور کائنات کی شان میں گستاخی کر کے مسلمانوں کی غیرت کو للکارا ہے۔

ریلی سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان فرانس کے خلاف سخت اور عملی اقدامات اٹھائے، فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کیا جائے حکومت پاکستان فرانس کے خلاف او آئی سی کے ہنگامی اجلاس کے لیے کوششیں کرے، حکومت پاکستان اقوام متحدہ میں آزادی اظہار رائے کی حدود کے تعین کے لیے اپنا کردار ادا کرے، امن پسند ممالک حکومت پاکستان کی رائے کی تائید کریں گے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .