۹ فروردین ۱۴۰۳ |۱۸ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 28, 2024
سیدہ زہرا نقوی

حوزہ/ خواتین پر گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ معاشرتی ذمہ داریاں بھی عائد ہوتی ہیں۔ہمیں اسوہ زینبی سلام اللہ علیہا پر عمل کرتے ہوئے اپنے معاشرے کی اسلام کے سنہرے اصولوں کے مطابق رہنمائی کرنی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد/ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کا ایک اہم اجلاس مرکزی سیکرٹری جنرل و ایم پی اے سیدہ زہرا نقوی کی زیر صدارت ہوا جس میں راولپنڈی اور اسلام آباد سے خواتین کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کی سینئر رکن و سابقہ سیکرٹری جنرل راولپنڈی محترمہ قندیل کاظمی کو  مرکزی سیکرٹری یوتھ نامزد کیا گیا۔

 اجلاس میں ضلع راولپنڈی کی تنظیم نو بھی کی گئی۔شرکاء اجلاس نے حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے فرح بتول کو ضلعی سیکرٹری جنرل جبکہ عفت نقوی اور ثمن زہرا کو ڈپٹی سیکرٹری جنرل منتخب کیا۔اجلاس میں یونٹ علی پور اور ترلائی کی یونٹ سازی بھی ہوئی ۔نومنتخب عہدیداران سے مرکزی سیکریٹری جنرل شعبہ خواتین وایم پی اے سیدہ زہرا نقوی نے حلف لیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل زہرا نقوی نے کہا کہ پاکیزہ معاشرے کی تشکیل میں دیندار خواتین کا فعال کردار انتہائی اہم ہے۔خواتین پر گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ معاشرتی ذمہ داریاں بھی عائد ہوتی ہیں۔ہم نے اسوہ زینبی سلام اللہ علیہا پر عمل کرتے ہوئے اپنے معاشرے کی اسلام کے سنہرے اصولوں کے مطابق رہنمائی کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ثقافتی یلغار کے ہتھیار سے مغربی طرز معاشرت کی ترویج بے راہ روی اور مدر پدر آزاد معاشرے کے فروغ کا باعث بن رہا ہے ایسی صورتحال میں ہماری ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں۔ہم نے اسلام کی پاکیزہ تعلیمات اور اسوہ اہلبیت اطہار علیہم السلام کو طرز زندگی بنا کر یہود و نصاری کے ناپاک ارادوں کے سامنے ڈھال کا کردار ادا کرنا ہے۔نظریہ اسلام کے نام پر معرض وجود میں آنے والے ارض پاک پر ہم طاغوتی چالوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .