۹ فروردین ۱۴۰۳ |۱۸ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 28, 2024
سیدہ زہرا نقوی

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی نے کہا کہ فرزند حیدرؑ و بتولؑ تمام انسانوں کے لیے نجات کی کشتی ہیں اور ہدایت کا چراغ ہیں، امام حسین علیہ سلام نے معرکہ کربلا سجا کر رہتی دنیا تک آنے والی نسلوں کو عزت سے جینے کا راستہ دکھلا دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ولادت با سعادت امام حسین علیہ سلام و حضرت عباس علمدار علیہ سلام کے پر مسرت موقع پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے اپنے تہنیتی پیغام میں تمام امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوے کہا کہ تین اور چار شعبان المعظم سید الشہداء امام حسین علیہ سلام اور ان کے با وفا بھائی اور سالار لشکر حضرت غازی عباس علمدار علیہ سلام کی ولادت باسعادت کے یہ مبارک ایام تمام اہل اسلام و محبان اہلبیت علیھم السلام کے لیے عید سے کم نہیں یہ ایام جو اہلبیت سے منسوب ہیں تمام عاشقان محمد و آل محمد علیھم السلام کے لیے باعث برکت اور پر مسرت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  نواسہ رسولؐ کا میلاد عظیم الشان انداز سے منانا چاہیے کیونکہ یہ وہ ہستی ہیں جن کے دم سے  دین اسلام اور کل انسانیت کو بقا و دوام حاصل ہوا۔

انہوں نے کہا کہ جناب رسول خدا صل اللہ علیہ وآلہ وسلم سے امام عالی مقام کی فضیلت و عظمت پر کثرت سے روایات موجود ہیں آپ کی ذات گرامی منبع ھدایت ہے اور تاریک دلوں کو روشن کرنے والے نور کا سرچشمہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فرزند حیدرؑ و بتولؑ تمام انسانوں کے لیے نجات کی کشتی ہیں اور ہدایت کا چراغ ہیں انہوں نے کہا  امام حسین علیہ سلام نے معرکہ کربلا سجا کر رہتی دنیا تک آنے والی نسلوں کو عزت سے جینے کا راستہ دکھلا دیا۔

حضرت عباس علیہ سلام کی شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوۓ خواہر سیدہ زہرا نقوی کا کہنا تھا کہ کربلا کے میدان میں حضرت عباس علیہ السلام نے جس عزم وحوصلہ ، شجاعت وبہادری اور ثابت قد می کا مظاہرہ کیا اس کو بیان کرنے کا مکمل حق ادا کرنا نہ تو کسی زبان کے لئے ممکن ہے اور نہ ہی کسی قلم میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ اسے لکھ سکے  مولا حسین ع کے  با وفا اور زمانے کے فقیہ بھای نے جرات بہادری اور وفا کے ساتھ ساتھ اپنے امام کی اطاعت کرنے کا سلیقہ ہمیں سکھایا  انھوں نے بتلایا کہ امام وقت کے ہر حکم کے سامنے کیسے سر تسلیم خم کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا  ہمارا لاکھوں سلام ہو اہلبیت علیہم السلام کے عظیم گھرانے پر جو شمع ہدایت ہیں اور جنکی پاک و پاکیزہ سیرت پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .