۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
متولی آستان قدس رضوی

حوزہ/ حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے کہا کہ حضرت امام علی رضا علیہ السلام پوری بشریت کے امام ہیں اس لئے عشرہ کرامت کے پروگرام صرف مشہد اور خراسان تک ہی محدود نہيں ہونے چاہئیں بلکہ اسے کم سے کم قومی سطح پر منعقد کیا جانا چاہیے ۔ 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے عشرہ کرامت سےمتعلق مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میں کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے  کی نگرانی میں زائرین  کی خدمت کے لئے صوبے کے تمام عہدیداروں کے درمیان تعمیری تعاون قابل ستائش ہے۔

عشرہ کرامت سے متعلق مشاورتی کمیٹی کا اجلاس  صوبہ خراسان رضوی   میں  رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے ، صوبے کے گورنر اور دیگر صوبائي عہدیداروں کی شرکت سے رضا علیہ السلام کے حرم مقدس  کے ولایت ہال میں منعقد ہوا ۔

حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے  اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  مختلف ادارے امام رضا علیہ السلام کے نام پر زائروں کو مختلف قسم کی سہولتیں فراہم کرتے ہیں اور یہ چیز عوام کے دل میں اہل بیت اطہار علیہم السلام کی محبت میں فروغ کا سبب بنتی ہے  اور عشرہ کرامت کے دوران ، عوام  میں ‎سماجی سرگرمیوں میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ 

انہوں نے دینی مناسبتوں اور مذہبی تقریبات اور جشن  کے دوران، صحیح خوشی کا نمونہ عوام کے لئے پیش کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ عشرہ کرامت کے با برکت ایام میں عوام کی خوشیوں میں اضافہ کیا جانا چاہیے اور نئے نئے طریقوں  سے سماج اور معاشرے  کو ایسی خوشیاں دی جا سکتی ہیں جن کے دوران اخلاقی و دینی تعلیمات کی خلاف ورزی بھی نہ کی جائے ۔ 

آستان قدس رضوی کے متولی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلام خوشی منانے یا   جشن کا مخالف نہیں ہے  بلکہ خوشی کے  نام پر خلاف شریعت کاموں کے خلاف ہے ، کہا  کہ عشرہ کرامت کے پروگراموں کو ایسا ہونا چاہیے جو عوام کے لئے ایک با ایمان جشن کا  نمونہ بن جائيں اور عوام کو  یہ بتایا جا سکے کہ تمام شرعی اصولوں کی پاسداری کے ساتھ بھی خوشیوں سے بھرپور جشن منایا جا سکتا ہے ۔ 

حجت الاسلام والمسلمین مروی نے عشرہ کرامت کے دوران ہی ایران میں صدارتی انتخابات کے انعقاد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عشرہ کرامت کے خصوصی پروگراموں میں ،  انتخابات میں زيادہ سے زیادہ شرکت کی ترغیب دلائي جائے ۔ 

انہوں نے کہا کہ جیسا کہ حضرت امام علی رضا علیہ السلام   اپنی با برکت زندگی میں ، سماج میں ہدایت و نور  کے مرکز تھے اور انحرافات کے مخالف تھے ، اسی طرح آج ان کے روضے کو بھی ایسا ہی ہونا چاہیے ۔ 

حجت الاسلام مروی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ آستان قدس رضوی کے تمام پروگراموں کا مقصد ، معاشرے میں امام رضا علیہ السلام کی اعلی شخصیت اور ان کی تعلیمات کو زیادہ سے زیادہ متعارف کرانا ہے ، کہا ہے کہ عوام کی زندگی میں ائمہ اطہار علیھم السلام  کی روحانی و معنوی موجودگی کو یقینی بنانا پوری تاریخ میں مقدس مقامات کی سب سے بڑی افادیت رہی ہے  اور امام رضا علیہ السلام امامت و ولایت  کو بیان کرنے ، دینی ثقافت کی ترویج اور اسلامی تمدن کے استحکام کے لئے ہر موقع سے فائدہ اٹھاتے تھے ۔ 
 

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .