۹ فروردین ۱۴۰۳ |۱۸ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 28, 2024
انقلاب اسلامی کی فکری بنیادیں

حوزہ/زیر نظر کتاب مقالات پر مشتمل ہے جس میں شہید مطہریؒ نے انقلاب اسلامی کے مستقبل کی وضاحت، آئندہ کے خطرات سے خبردار اور اس کی آئندہ حکمتِ عملی کی فکری بنیادیں فراہم کیں ہیں اور لوگوں کو اسلام اور اسلامی انقلاب کی حقیقت و ماہیت سے روشناس کرایا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسیl

کتاب کا نام:انقلاب اسلامی کی فکری بنیادیں
مولف: مرتضیٰ مطہری
مترجم: پروفیسر مفخر عالم
ناشر:شہید مطہری فاؤنڈیشن
سال نشر:2014

تعارف نگار: سید لیاقت علی کاظمی الموسوی

مختصر تعارف:انقلاب اسلامی ایران بلا شبہ اس دور کا سب سے بڑا معجزہ ہے جس کے ظہور سے سپر طاقتوں کے ایوان کانپنے لگے ہیں اور سامراجی ممالک کے سربراہوں کی راتیں بے خواب ہوگئی ہیں ۔ صدر امریکہ نے اس انقلاب کو اپنی جھولی میں ڈالنے کے لئے بیان دیا کہ امریکی اور اسلامی ثقافت میں بڑی گہری مماثلت ہے نیز پہلی بار امریکہ کی جانب سے اہل اسلام کو عید کی مبارکباد بھی پیش کی گئی۔ صدر امریکہ نے اپنے عملے کو ہدایت جاری کی کہ اسلام کے بارے میں ایک مفصل رپورٹ اسے پیش کی جائے۔

بہر حال جہاں یہ اسلامی انقلاب پوری دنیا پر اثر انداز ہوا وہاں اس نے عالم اسلام میں انڈونیشیا سے لے کر سینیگال تک مسلمانوں کو ایک جذبۂ تازہ دیا انہیں سید جمال الدین افغانی اور علامہ اقبال کا احیائے اسلام کا خواب زندہ حقیقت کا روپ دھارتا نظر آنے لگا۔ مغربی افکار کی مرعوبیت کا طلسم ٹوٹنے لگا اور اپنے اسلامی ورثے پر شرمندگی کے بجائے اظبار فخر کی جرأت ہونے لگی۔ اسلامی ممالک میں غیر اسلامی تہذیب و اقدار کے خاتمے اور اسلامی نظام کو اپنانے کی تحریک پیدا ہوگئی۔

اسلام دشمن عناصر سامراجی طاقتوں اور اسرائیل اور جنوبی افریقہ کے حامیوں نے اپنے مفادات خطرے میں دیکھ کر اس انقلاب کے خلاف پروپیگنڈے کا ایک زبردست محاذ کھڑا کردیا۔ انقلاب کو ناکام کر نے کے لئے بڑی بڑی سازشیں تیار کی گئیں حتیٰ کہ اسلامی انقلاب کی فکری بنیادوں کو منہدم کرنے کے لئے اپنے ایجنٹوں کے ذریعہ فکری انتشار پیدا کرنے، اسے اصلی  راستے سے ہٹانے اور اس میں بیرون اِزموں کے افکار کا پیوند لگا نے کی کوششیں بھی کی گئیں مگر الحمد للہ کہ اسلام پر حق الیقین رکھنے والے انقلابی قائدین اور مفکرین نے بروقت اسلامی انقلاب کی فکری وضاحت کر کے ان کوششوں کو ناکام  بنادیا اور عوام نے رہبر عظیم امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی بلند قیادت اور انقلاب کی اسلامی حقیقت پر یقین رکھتے ہوئے اسے انتہائی مستحکم کر دیا یوں یہ انقلاب نعمتیں اور رحمتیں برساتا ہوا اپنے اصلی راستے پرآ گے بڑھ رہا ہے۔

زیر نظر کتاب مقالات پر مشتمل ہے جسے عظیم اسلامی مفکر استاد شهید آیت الله مرتضی مطہری رحمۃ اللہ علیہ نے انقلاب کی کامیابی کے بعد پیش کیا تھا، یہ مقالات آپ کی زندگی کے ان آخری مقالات میں سے ہیں جو آپ کی شہادت کے بعد جمع کئے گئے کیونکہ آپ کو انقلاب کی کا میابی کے بعد سوا سال کے اندر اندر مخالفینِ اسلام نے شہید کر دیا، آپ نے اپنی ان ہمہ گیر مصروفیات کے باوجود جو اس ہنگامی دور میں انقلابی اور عدالتی کمیٹیوں کی سربراہی کی بنا پر آپ کے کاندھوں پرتھیں ان تقاریر و مقالات کے ذریعے انقلاب اسلامی کے مستقبل کی وضاحت کی، آئندہ کے خطرات سے خبردار کیا اور اس کی آئندہ حکمتِ عملی کی فکری بنیادیں فراہم کیں اور لوگوں کو اسلام اور اسلامی انقلاب کی حقیقت و ماہیت سے روشناس کرایا۔

ان مقالات میں آپ نے انقلاب کے دوام اور تسلسل کے لئے بنیادی ارکان و عوامل کی نشاندہی کی ہے تاکہ عوام اپنے اس اسلامی انقلاب کو مضبوط کرنے اور انقلاب کو انحراف کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لئے ان کو پیش نظر رکھیں ۔ ان میں آپ نے مندرجہ ذیل نکات کو روشن کیا ہے۔
آزادئ  فکر اور آزادئ نظریہ
آزادئ فکر اور آزادئ سازش میں فرق
حقیقی اور غیر حقیقی انقلابات میں فرق
اسلامی انقلاب کی حقیقت
انقلاب برپا کرنے والے عوامل
انقلاب کو قائم رکھنے والے عوامل
عدل اجتماعی
تہذیبی آزادی اور ثقافتی استقلال
انقلاب میں معنونیت و روحانیت
امام خمینیؒ کی اسلامی سربراہی کی کامیابی کا راز

امید ہے کہ زیر نظر مقالات پر مشتمل کتاب کا اردو ترجمہ اسلامی انقلاب کو سمجھنے میں اہل نظر کی مدد کرے گا، اسے اپنے مطالعے کا حصہ ضرور قرار دیں۔

کتاب کو ڈاؤنلوڈ کرنے کے لیے یہاں کلیک کریں

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .