۴ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۴ شوال ۱۴۴۵ | Apr 23, 2024
مولانا صفی حیدر زیدی

حوزہ/ مولانا سید علی عابد رضوی طاب ثراہ عالم با عمل تھے، انتہائی خلیق اور بردبار تھے۔ خاموشی سے لوگوں کی مدد کرتے خاص کر اہل علم کا خاص خیال رکھتے، عمر کا بڑا حصہ ملک کے باہر گذارا اور ان لوگوں کے ساتھ گذارا جو احسان کر کے جتا دیتے ہیں لیکن کوئی یہ نہ کہہ سکا کہ کبھی آپ نے کسی سے کچھ مانگا ہو یا رقوم شرعیہ لی ہوں۔ہمیشہ ترویج دین اہلبیتؑ میں مشغول رہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،سربراہ تنظیم المکاتب حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید صفی حیدر زیدی نے بزرگ عالم مولانا سید علی عابد رضوی طاب ثراہ کی رحلت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت پیش کی جسکا مکمل متن اس طرح ہے؛

بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم 

انتہائی افسوس ناک خبر موصول ہوئی کہ بزرگ عالم مولانا سید علی عابد رضوی طاب ثراہ کا انتقال ہو گیا۔

انا للہ وانا الیہ راجعون 

مولانا سید علی عابد رضوی طاب ثراہ عالم با عمل تھے، انتہائی خلیق اور بردبار تھے۔ خاموشی سے لوگوں کی مدد کرتے خاص کر اہل علم کا خاص خیال رکھتے، عمر کا بڑا حصہ ملک کے باہر گذارا اور ان لوگوں کے ساتھ گذارا جو احسان کر کے جتا دیتے ہیں لیکن کوئی یہ نہ کہہ سکا کہ کبھی آپ نے کسی سے کچھ مانگا ہو یا رقوم شرعیہ لی ہوں۔ہمیشہ ترویج دین اہلبیتؑ میں مشغول رہے۔ متین خطابت کے لئے دنیا بھر میں صحت کی برقراری کے لئے یاد کئے جاتے رہے۔ افریقہ میں ترویج دین کے لئے مدرسہ قائم کیا لیکن جب حالات سے مجبور ہوئے تو انگلینڈ کی جانب ہجرت فرما لی۔

مرحوم سے میرا ذاتی رشتہ تقریبا ویسا ہی تھا جیسے علامہ جوادی اعلیٰ اللہ مقامہ سے تھا اس کی کئی وجہیں تھیں۔ مرحوم بانی تنظیم مولانا سید غلام عسکری اعلیٰ اللہ مقامہ کے چھوٹے بھائی میرے ماموں حکیم مولانا سید غلام باقر صاحب مرحوم کے ہم درس اور دوست تھے۔ علامہ جوادیؒ کے برادر بزرگ تھے۔ تنظیم کے لئے نہایت درجہ مخلص تھے۔ جب تک ہندوستانی شہریت رہی ادارہ تنظیم المکاتب کی مینیجنگ کمیٹی کے ممبر رہے۔ ماموں جان مرحوم بانی تنظیم مولانا سید غلام عسکری طاب ثراہ کے بعد میرا بہت خیال رکھا، انتہائی منکسر المزاج اور شفیق تھے جب بھی لندن جاتا اگر کبھی ملاقات میں تاخیر ہوجاتی تو خود ملنے آجاتے جب کہ رتبہ علم عمر ہر چیز میں انکے سامنے میری کوئی حیثیت نہ تھی۔ 

ادارہ تنظیم المکاتب سے خاص لگاو تھا، ہمیشہ تعاون فرماتے تھے،  تا صحت جب بھی لکھنو تشریف لاتے ادارہ تنظیم المکاتب بھی ضرور تشریف لاتے، ادارہ کی خدمات کو سراہتے اور مزید سرگرمی کی تشویق فرماتے تھے۔

اس دورہ قحط الرجال میں ایسے عالم جلیل، فاضل نبیل، مخلص مذہب، خادم ملت کی رحلت نا قابل تلافی نقصان ہے۔ ہم مولانا مرحوم کے پسماندگان، وابستگان اور عقیدتمندان خصوصا سوگوار کنبہ کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں اور بارگاہ معبود میں دعاگو ہیں کہ رحمت و مغفرت نازل فرمائے۔ جوار اہلبیت علیہم السلام میں بلند درجات عطا فرمائے۔

مولانا سید صفی حیدر زیدی

سکریٹری تنظیم المکاتب لکھنو

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .