۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
علامہ عبد الخالق اسدی

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ملک دشمن عناصر ملک میں دوبارہ خانہ جنگی کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں، محرم الحرام کی آمد سے قبل ایسی فضا بنائی جا رہی ہے کہ ملک میں خانہ جنگی کا ماحول پیدا ہو جائے، لیکن اس بار بھی علماء بیداری کا مظاہرہ کریں گے اور شیعہ سنی مل کر اس سازش کو امسال بھی ناکام بنائیں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،بہاولنگر/ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے بہاولنگر میں شہید ماسٹر سعید کی رسم چہلم میں شرکت کی اور شہید کے فرزند کی دستار بندی کی۔ علامہ عبدالخالق اسدی ایک وفد کے ہمراہ بہاولنگر پہنچے اور شہید کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی اور فرقہ واریت کا ناسور ایک بار پھر سر اٹھا رہا ہے جبکہ متعلقہ ادارے غفلت کا مظاہرہ کر رہے ہیں، جو تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز بھی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں اہلبیت اطہارؑ کی شان میں گستاخی کی گئی ہے، حکومت کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہیئے اور مذکورہ مولوی کو قرار واقعی سزا دینی چاہیئے۔

علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ شہید ماسٹر سعید کے قاتلوں کو بھی فوری گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے۔

علامہ اسدی نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے امریکہ کو دوٹوک جواب دینے کے بیان کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُمید ہے وزیراعظم اس پر یوٹرن نہیں لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر ملک میں دوبارہ خانہ جنگی کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں، محرم الحرام کی آمد سے قبل ایسی فضا بنائی جا رہی ہے کہ ملک میں خانہ جنگی کا ماحول پیدا ہو جائے، لیکن اس بار بھی علماء بیداری کا مظاہرہ کریں گے اور شیعہ سنی مل کر اس سازش کو امسال بھی ناکام بنائیں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .