۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 20, 2024
حجۃ الاسلام ڈاکٹر گلفام حسین

حوزہ / نہایت افسوسناک اور دردناک خبر ملی که ہمارے برادر دینی، قریبی دوست حجۃ الاسلام ڈاکٹر گلفام حسین (اعلی اللہ تعالیٰ مقامہ) چند دن کی علالت کے بعد چند گھنٹے پہلے سرزمین قم المقدس پر ہمیں داغ مفارقت دے کر عالم برزخ کو سدھار گئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجۃ الاسلام ڈاکٹر گلفام حسین (اعلی اللہ تعالیٰ مقامہ) چند دن کی علالت کے بعد قم المقدسہ میں انتقال کر گئے۔

حجۃ الاسلام ڈاکٹر گلفام حسین (اعلی اللہ تعالیٰ مقامہ) ۱۹۷۰ء میں پاکستان کے شہر حافظ آباد میں محلہ ڈھاب آباد کے ایک انتہائی دیندار گھرانے میں پیدا ہوئے۔ آپ نے ابتدائی تعلیم وہیں اپنے علاقہ میں حاصل کی اور قرآن و دینی تعلیم علاقہ میں موجود حجۃ الاسلام سیف علی نجفی صاحب مرحوم جو کہ ایک جید اور پرہیزگار عالم دین تھے، سے حاصل کی۔

دینی تعلیم کی ہی تشنگی مٹانے آپ جامعۃ المنتظر لاہور تشریف لے گئے اور چند سال وہاں علماء سے کسبِ فیض کیا۔ اس کے بعد آپ نے جامعہ جعفریہ گوجرانوالہ میں حجۃ الاسلام شیخ کرامت علی نجفی صاحب کے شاگردی اختیار کی۔

تقریباً ۱۹۹۶ء میں آپ اعلی دینی تعلیم حاصل کرنے کے لئے ایران کے شہر قم المقدسہ تشریف لائے اور یہاں حوزہ علمیہ میں مختلف جید اور برجستہ اساتید اور علماء کرام سے استفادہ کرتے رہے۔

آپ نے حوزہ علمیہ میں انتہائی اچھے نمبروں سے فلسفۂ اسلامی میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی اور گذشتہ چند سالوں سے حوزہ علمیہ میں تدریس کے فرائض نبھا رہے تھے۔

آپ جامعۃ المصطفی العالمیہ کے رسمی معلم تھے اور مدرسہ جامعۃ العلوم، مدرسہ امام خمینی(رہ) اور مدرسہ القائم سمیت مختلف دینی درسگاہوں میں تدریس کیا کرتے تھے۔ آپ کے شاگردوں میں غیرملکی طلبہ کے ساتھ ساتھ ایرانی طلبہ کی بھی اچھی خاصی تعداد رہتی تھی۔

آپ انتہائی ملنسار شخصیت، بااخلاق، باتقوا انسان اور اپنے تئیں ایک مکمل عبدِ خدا تھے۔ پاکستان میں بھی انہیں ایک ممتاز مقام حاصل تھا۔ آپ انتہائی اچھے اور توانا خطیب تھے، ایک موفق اور کامیاب مبلّغ تھے۔ بالخصوص پاکستان میں راہِ انقلاب اور ولایت فقیہ کا بھرپور پرچار کیا کرتے اور اسے اپنے دینی فرائض میں بہت اولویت دیا کرتے تھے۔

آپ نے اپنے پسماندگان میں ایک بیوی اور تین بچے چھوڑے ہیں۔ دعا ہے خداوند متعال انہیں اس مصیبت پر صبر عطا فرمائے اور مرحوم کو جوارِ معصومین(ع) نصیب فرمائے۔(الہی آمین)

ہم حوزہ نیوز ایجنسی کی جانب سے مرحوم کے خانوادہ و تمام علماء و طلاب پاکستان و جامعہ المصطفی قم کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .