۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
مولانا سید رضا حیدر زیدی

حوزہ/ اتحاد بین المسلمین کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ہم اپنا عقیدہ بدل لیں بلکہ مشترکات پر گفتگو کریں اور اختلافی مسائل سے پرہیز کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت با سعادت کے موقع پر ہفتہ وحدت کے عنوان سے دہلی عزاداری نیٹ ورک پر آن لائن محافل مسرت کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جسمیں حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی صاحب قبلہ پرنسپل حوزہ علمیہ حضرت غفرانمآب رہ نے قرآن کریم کے سورہ احزاب کی اکیسویں آیت کے ابتدائی فقرہ "تمہارے لئے رسول اللہ کی ذات اسوہ حسنہ ہے۔" کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے فرمایا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اللہ نے تمام بشریت کے لئے اسوہ حسنہ بنایا۔ اگر مسلمان آپ کی سیرت کو اپنا لیتا تو آج وہ خود قابل پیروی ہوتا لیکن وہ یہ ثابت نہ کر سکا اسکی وجہ یہ ہے کہ مسلمان نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ظاہری سیرت کو اپنانے کی کوشش کی لیکن باطن کی پاکیزگی جو اصل سیرت تھی اس کی جانب متوجہ نہیں ہوا۔ وہ تزکیہ نفس ہے اور بغیر تزکیہ نفس کے رسول کی سیرت پر عمل ممکن نہیں۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی صاحب نے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی حدیث "خدا اس بندے پر رحمت نازل کرے جو ہمارے امر کو زندہ کرے۔" کو بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ امر اہلبیت یعنی انکے علوم کو سیکھنا اور دوسروں تک پہنچانا ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے اپنے اصحاب کو  خط لکھا جسے وہ نماز کے بعد دیکھتے اور غور کرتے تھے۔ اس طولانی خط میں امام علیہ السلام نے چاہنے والوں کو نصیحت کی کہ "اللہ سے عافیت طلب کرو۔" صحت و سلامتی عافیت ہے جسکی ہمیں قدر کرنی چاہئیے۔ امام علیہ السلام نے اس خط میں بیان کیا کہ زندگی کیسے بسر کریں اور مخالفین کے ساتھ کیسا برتاو رکھیں۔ آپ نے مخالفین کے ساتھ نرم برتاو کی تاکید کی اور برائی کا بدلہ نیکی سے دینے کا حکم فرمایا۔ امام علیہ السلام نے اس خط میں اپنے مخالف عقائد والوں کے ساتھ نیک برتاو کا حکم دیا ہے۔

آخر میں انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اتحاد بین المسلمین کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ہم اپنا عقیدہ بدل لیں بلکہ مشترکات پر گفتگو کریں اور اختلافی مسائل سے پرہیز کریں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .