۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
برادر عارف حسین

حوزہ/ مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او الٰہی کاررواں ہے، جو طلباء کی فکری تربیت کا مرکز و محور بن چکا ہے۔ اس کی پچاس سالہ ملی خدمات پاکستان کی درخشندہ تاریخ کا حصہ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا تین روزہ 50 واں سالانہ” جہد مسلسل و عزم نو کنونشن“ جامعۃ المصطفی لاہور میں شروع ہوگیا ہے۔ کنونشن کے پہلے روز شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے مرقد پر اسکاوٹس سلامی کی تقریب منعقد ہوئی۔ جس سے مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان عارف حسین ، زاہد مرتضی،سید صفدر بخای اور علامہ مہدی بخاری نے خطاب کیا۔

مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان عارف حسین نے امامیہ اسکاوٹس سلامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او الٰہی کاررواں ہے، جو طلباء کی فکری تربیت کا مرکز و محور بن چکا ہے۔ اس کی پچاس سالہ ملی خدمات پاکستان کی درخشندہ تاریخ کا حصہ ہے۔ آج کے حالات میں اس تنظیم کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ ملک و بیرون ملک جتنے بھی فعال افراد نظر آتے ہیں ان کا تعلق امامیہ طلبہ تنظیم سے ہی رہا ہے۔ آئی ایس او پاکستان کا نظام تربیت ا س قدر مثالی اور منفرد ہے کہ جو اس نظام تربیت کے تحت پرورش پاتا ہے وہ معاشرے کی فلاح کیلئے خود کو وقف کردیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امامیہ اسکاوٹنگ ایک ایسا شعبہ ہے جو امام مہدی عج کے عالمگیر انقلاب کیلئے کوشاں رہنے کے نیا جوش اور تحرک فراہم کرتا ہے۔فرزند شہید ڈاکٹر دانش نقوی نے کہا کہ شجاعت رزمی کے ساتھ ساتھ شجاعت ِعلمی بھی لازم و ملزوم ہے۔ امامیہ اسکاوٹس شجاعتِ اخلاقی و شجاعتِ تعلیمی جیسی خصوصیات اپنا کر معاشرے کیلئے کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔

سابق امامیہ چیف اسکاوٹ سید صفدر بخاری کا کہنا تھا کہ آئی ایس او پاکستان کی تشکیل کے 12 سال بعد امامیہ اسکاوٹنگ کے قیام نے تنظیم کو ایک نئی پرواز دی جو اس شعبہ کا طرہ امتیاز ہے۔ جب اسکاوٹس یونیفارم پہنتے ہیں تو اپنی ذات کی نفی کرکے یکجا ہوتے ہیں۔ اسکاوٹنگ کامیابی اور جہد مسلسل کا نام ہے۔ امامیہ چیف اسکاوٹ سید غیور نقوی نے کہا کہ کنونشن کے پہلے روز اسکاوٹ سلامی دراصل شہدائے ملت تشیع سے تجدید عہد ہوتا ہے۔ یہ عہد نہ صرف شہداءسے عہد ہے بلکہ یہ عہد امام سے تجدید عہد بھی ہے۔

علامہ مہدی بخاری کا کہنا تھا کہ آئی ایس او پاکستان ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو نوجوان طلبہ کو خدائی راستے کی طرف گامزن کرتا ہے۔

تقریب میں مرکزی صدر عارف حسین الجانی ،سابق امامیہ چیف اسکاوٹ صفدر رضا بخاری اور علامہ مہد ی بخاری نے امامیہ اسکاوٹس کے چاک و چوبند دستے کے ہمراہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے مرقد پہ گلددستہ پیش کیا اور فاتحہ خوانی کی۔

جامعۃ المصطفیٰ میں تلاوت قرآن مجید اور آئی ایس او کا ترانہ پیش کرنے کے بعد تنظیمی کارکردگی رپورٹس پیش کی گئیں۔ اسٹڈی سرکل، یاد یاراں،قرآن و اہل بیت کانفرنس ، محب کنونشن ،آئی ایس او کا مستقبل ،ماضی کے دریچے سے جبکہ تعلیمی سیمینار بعنوان نوجوان امید پاکستان بھی کنونشن کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

قابل ذکر ہے کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے ملک بھر سے یونٹ صدور اور جنرل سیکرٹریز پر مشتمل مرکزی مجلس عمومی 6 نومبر کو خفیہ رائے شماری کے ذریعے نئے مرکزی صدر کا انتخاب بھی کرے گی۔نئے مرکزی صدر کا اعلان اتوار کو ہو گا۔

 

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .