۵ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۵ شوال ۱۴۴۵ | Apr 24, 2024
سمند پور، اعظم گڑھ میں جشن امام حسن عسکری (ع) اور افتتاح مسجد

حوزہ/ ہندوستان میں نمائندۂ مقام معظم رہبری نے اپنے ایک بیان میں فرمایا کہ مسجد دو چیزوں سے مل کر بنتی ہے ایک جسم اور دوسرے روح، مسجد کا جسم بلڈنگ، اینٹ، ڈیکوریشن وغیرہ ہے لیکن روح مسجد نماز جماعت، نماز پر شکوہ، نفع بخش اور کار امد برنامے، تلاوت قرآن اور مجالس حسینی کا اہتمام ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،آج بتاریخ 17 نومبر 2021ء موضع سمند پور ضلع اعظم گڑھ (یو پی) میں مولانا دلشاد صاحب کی کوششوں سے الایمان فاؤنڈیشن نجفی ہاؤس ممبئی اور مومنین سمند پور کے تعاون سے تعمیر شدہ مسجد جامع ام البنین کے افتتاح کے موقع پر جشن امام حسن عسکری علیہ السلام کا انعقاد کیا گیا۔

جشن کا آغاز قاری و استاد قرآن حجۃ الاسلام مولانا سید یونس حیدر رضوی صاحب ماہُلی کی دلنشین اور شیریں تلاوت کلام پاک سے ہوا۔

اس کے بعد علمائے کرام نے اپنے نورانی بیان سے سامعین کے قلوب کو منور کیا۔ ہندوستان میں نمائندۂ مقام معظم رہبری آقای مہدی مہدوی پور صاحب نے جشن کی صدارت کے فرائض کو انجام دیا۔

حجۃ الاسلام مولانا سید صفدر حسین زیدی مدیر جامعۂ امام جعفر صادق علیہ السلام جونپور نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ صرف خوبصورت مسجد بنا لینا کمال نہیں ہے بلکہ مسجد کو بہترین نمازیوں سے مزین کرنا کمال ہے۔ موصوف کے مولانا صفی حیدر نے افتتاحی جشن میں تنظیم کی فعالیت کا ذکر کیا۔

ہندوستان میں نمائندۂ مقام معظم رہبری آقای مہدی مہدوی پور صاحب نے اپنے صدارتی بیان میں فرمایا کہ مسجد دو چیزوں سے مل کر بنتی ہے ایک جسم اور دوسرے روح، مسجد کا جسم بلڈنگ، اینٹ، ڈیکوریشن وغیرہ ہے لیکن روح مسجد نماز جماعت، نماز پر شکوہ، نفع بخش اور کار امد برنامے، تلاوت قرآن اور مجالس حسینی کا اہتمام ہے۔

آپ نے مزید فرمایا کہ امام حسن عسکری علیہ السلام کی سیرت طیبہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ یہ امام عسکری علیہ السلام کا ہی کمال تھا کہ پر آشوب اور ظالم دور میں بھی حجت اللہیہ کی حفاظت کر کے ہمارے حوالے کیا ہمیں اپنی زندگی کے تمام امور میں اپنے امام سے لو لگانا چاہئے۔ تقریر کے آخر میں آپ نے روح پرور انداز میں مومنین کرام کو دعا کی طرف متوجہ کیا اور سب نے مل کر امام وقت کے حضور استغاثہ کیا اور ظہور پر نور کے لئے دعا کیا۔

کثیر تعداد میں علمائے کرام نے شرکت فرما کر جشن افتتاح کو کامیاب بنایا جشن کی نظامت کے فرائض خطیب انقلاب مولانا سید تہذیب الحسن صاحب امام جمعہ رانچی نے انجام دئے، زیارت و صلوات کے ساتھ جشن اپنے اختتام تک پہونچا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .