۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 20, 2024
مولانا سید عمار حیدر زیدی

حوزہ/ عید الاضحٰی کے روز فقط جانوروں کی قربانی نہیں بلکہ اپنے مفادات، ذاتی خواہشات، غلطیوں، کوتاہیوں اور خطاؤں کی قربانی ضروری ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولانا سید عمار حیدر زیدی نے تمام مسلمانوں کی خدمت میں عید الاضحی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے قربانی کے اہداف و مقاصد کو بیان کرتے ہوئے کہا: قربانی مسلمانوں کا اہم مذہبی فریضہ ہے۔ عید قرباں کا پیغام ہی دراصل ایثار و قربانی ہے۔ فلسفئہ قربانی یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کو نہ تو قربانی کے جانوروں کا گوشت پہنچتا ہے اور نہ خون بلکہ اللہ تعالیٰ کو مسلمانوں کا تقویٰ مطلوب ہے اور اِسی تقوے کے حصول کیلئے قربانی کی سنت ادا کرنے کا حکم ہے۔

انہوں نے کہا:عید قرباں کا دن ہمیں صرف جانور ذبح کرنے کا حکم نہیں دیتا بلکہ اِس کے ساتھ ساتھ وہ اِس بات کا بھی تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنے اندر کی لا محدود خواہشوں کو لگام دیں اور اپنے دِل میں دوسروں کیلئے گنجائش پیدا کریں۔ سنتِ اِبراہیمی کو پورا کرنے کیلئے فقط جانوروں کی قربانی ضروری نہیں بلکہ ساتھ ساتھ اپنے مفادات، ذاتی خواہشات، غلطیوں، کوتاہیوں اور خطاؤں کی قربانی ضروری ہے۔

مولانا سید عمار حیدر زیدی نے مزید کہا: عید الاضحیٰ کے موقع پر سنتِ اِبراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے ہم اللہ کی راہ میں جانور قربان کرتے ہیں اور اپنے پڑوسی، رشتہ دار اور دوست و احباب میں قربانی کا گوشت تقسیم کرتے ہیں۔ اگر اللہ تعالیٰ نے ہمیں قربانی کا فریضہ ادا کرنے کی توفیق عطا کی ہے تو ہم نمود و نمائش سے اجتناب برتتے ہوئے عین اسلامی طریقہ پر گوشت کی تقسیم کی پوری کوشش کریں۔ اسلامی طریقہ کے مطابق قربانی کا گوشت تین حصوں میں منقسم کر کے دو حصہ صدقہ کرنا اور ایک حصہ ذاتی استعمال کیلئے بچانا مستحب اور افضل عمل ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .