۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
علامہ مقصود ڈومکی

حوزہ/ ہمارے بزرگوں نے دین اسلام کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کے لئے ایک آزاد وطن حاصل کیا جہاں ہمیں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہو۔ آج پاکستان کے کروڑوں شہریوں کی مذہبی آزادی سلب کی جا رہی ہے۔ متنازعہ نصاب تعلیم اور عزاداروں پر مقدمات اس کی مثال ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم اور عزاداری کونسل کے سربراہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ کربلا کے میدان میں آل رسول نے دین اسلام کی بقا کے لئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔ ماہ محرم میں شہدائے کربلا اور نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کے سوگ کی وجہ سے ہم آج یوم آزادی انتہائی سادگی سے منا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے دین اسلام کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کے لئے ایک آزاد وطن حاصل کیا جہاں ہمیں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہو۔ آج پاکستان کے کروڑوں شہریوں کی مذہبی آزادی سلب کی جا رہی ہے۔ متنازعہ نصاب تعلیم اور عزاداروں پر مقدمات اس کی مثال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ وطن ہمارا ہے جو ہمیں اپنی جان سے زیادہ عزیز ہے ہم نے اس وطن کے عزت و وقار کے لئے قربانیاں دیں اور اس وطن کی محبت کے جرم میں ہمیں دھشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ ہم نے ہمیشہ اپنے شہداء کو سبز ہلالی پرچم میں دفن کرکے پاک وطن سے اپنی لا زوال محبت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج وطن عزیز پاکستان میں بسنے والے کروڑوں شہریوں کی مذہبی آزادی کو سلب کیا جا رہا ہے۔ عزاداری اور ذکر حسین علیہ السلام کو جرم قرار دے کر عزاداروں کے خلاف ایف آئی آرز درج کرکے شرمناک مثال قائم کی جا رہی ہے۔ ہم بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ حکیم الامت علامہ اقبال اور مادر ملت فاطمہ جناح سے عہد کرتے ہیں کہ وطن عزیز پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے قائد اعظم کے خواب کے مطابق پاکستان کو ایک عظیم وطن میں تبدیل کریں گے اور پاکستان سے فرقہ وارانہ اور لسانی نفرتوں کا خاتمہ کریں گے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .