۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
سیرت رسول اکرم ؐ اور کردار سازی پر سیمینار 

حوزہ/ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نسلی تفاخر اور قبائلی عصبیتوں کا خاتمہ وحدت انسانی کا درس ہے۔ اگر رسول ؐ کو سمجھنا ہے تو قرآن کریم سے سمجھیں، اگر قرآن سمجھنا ہے تو حضورؐ سے سمجھیں، آپ کا الوداعی خطبہ انسانی حقوق کا منشور ہے۔ 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،سہارنپور/ اسلام دشمن طاقتوں کے ذریعہ مسلسل اسلام و رسول اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی شان میں ہو رہی گستاخیوں کے خلاف مومنین سہارنپور کی جانب سے’’سیرت رسول اکرم ؐ اور کردار سازی‘‘ کے عنوان سے عظیم الشان سیمینار مرکزی امام باڑہ جعفر نواز میں منعقد ہوا۔ جسمیں بلا تفریق مذاہب فرزندان توحید نے شرکت کی۔

سیمینار کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا بعدہ سوز و سلام پیش کیا گیا۔ سیمینار کے کنوینر فرحت مہدی نے سیمینار کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے نظامت کے فرائض انجام دئے۔ جناب ڈاکٹر شاہد زبیری سینئر صحافی راشٹریہ سہارا نے افتتاحی تقریر کرتے ہوئے کہا کہ مقام افسوس ہے کہ ہماری نوجوان نسل صرف آپؐ کا نام جانتی ہے۔ اگرچہ صبح شام کلمہ پڑھتی ہے لیکن شخصیت اور سیرت سے آشنا نہیں ہے۔ لہذا ضروری ہے کہ ہم انہیں آشنا کرائیں۔

جناب جلال عمر رٹایرڈ پرنسپل اسلامیہ انٹر کالج نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا: نسلی تفاخر اور قبائلی عصبیتوں کا خاتمہ وحدت انسانی کا درس ہے۔ اگر رسول ؐ کو سمجھنا ہے تو قرآن کریم سے سمجھیں، اگر قرآن سمجھنا ہے تو حضورؐ سے سمجھیں، آپ کا الوداعی خطبہ انسانی حقوق کا منشور ہے۔

رکن مجلس انتظام تنظیم المکاتب مولانا نقی عسکری نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ صرف سننے کی حد تک نہیں بلکہ ہمیں چاہئیے کہ کتابیں پڑھیں کیوں کہ کتاب خوانی انسان کی فکر کو جلا دیتی ہے۔ لیکن افسوسناک پہلو یہ ہے کہ ہم اردو سے نابلد و ناواقف ہوتے جا رہے ہیں۔ لہذا اپنی زبان بھی سیکھیں تا کہ سیرت کی کتابیں پڑھ سکیں۔

جناب فرحت مہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ ربیع الاول نزدیک ہے۔ ہمیں اس میں حضور ؐ کی سیرت کے سلسلہ میں خصوصاً ایام میلاد میں توجہ دینی چاہئیے تا کہ آپ کی سیرت کو زیادہ سے زیادہ بیان کیا جاسکے ۔ بلکہ سال بھر بیان کرنا چاہئیے۔ سہارنپور میں مکاتب امامیہ قائم ہیں آپ اپنے بچوں کو مکتب بھیجیں تا کہ اردو زبان کے ساتھ ساتھ معارف دین بھی سیکھیں۔

آخر میں مجلس عزا کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سید علی ہاشم عابدی نے فرمایا: اصل مشکل یہ ہے قرآن کریم نے جس طرح رسول اللہ ؐ کی شخصیت اور سیرت کو بیان کیا ہے وہ ہم نہیں جانتے، ہم اپنی خیالات کو رسالت و نبوت سمجھتے ہیں۔ رسول اللہ ؐ نے ہمیشہ اپنے کردار سے دلوں کو جیتا ہے تلواروں سے زمینوں پر قبضہ کرنے کی فکر کبھی نہیں کی۔ بیت المال کی تقسیم میں حضورؐ کی سیرت نمایاں رہی کہ ہمیشہ سب میں برابر تقسیم کیا کبھی نہ عرب کو عجم پر فضیلت دی ، نہ عجم کو عرب پر، نہ گورے کو کالے پر فوقیت دی اور نہ کالے کو گورے پر۔

سیمینار میں ڈاکٹر زیڈ۔ اے۔ کوثر ، نصرت عزیز، ماسٹر آصف رضا، ڈاکٹر اطہر علی، ڈاکٹر اطہر عباس (متولی امام باڑہ ھٰذا) مولانا واصف کاظمی، مولانا سالم کاظمی، مولانا اظہار حیدر، جناب افتخار حسین زیدی، اختر علی زیدی، واجد علی زیدی، الحاج ثقلین رضا، جناب پیارے میاں، قاضی محمد اکرم، مرزا مہربان، مسیب رضا، علی تاجور، جناب محمد ارشد، ریاست علی حواری، آصف علی حواری کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .