۹ فروردین ۱۴۰۳ |۱۸ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 28, 2024
علامہ ساجد نقوی

حوزہ/ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں تعداد بہت کم جبکہ سیلاب متاثرین بہت زیادہ ہیں، انہیں شامل کیا جائے،تمام سیلاب متاثرین کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کرتے ہوئے 25ہزار روپے کی گرانٹ فوری طور پر مہیا کی جائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ترجمان قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ حکومت سیلاب متاثرین کی امداد کی غیر مساویانہ تقسیم کا عوامی شکوہ دو ر کرے،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں تعداد بہت کم ہے۔تمام سیلاب متاثرین جو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام لسٹ میں شامل نہیں سروے کیا جائے اور تمام سیلاب متاثرین کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کرتے ہوئے 25ہزار روپے کی گرانٹ فوری طور پر مہیا کی جائے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے سیلاب زدگان کی امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مخیر حضرات، تنظیمی عہدیداران ، کارکنان اورسوشل ورکرز کو ایک بار پھر متوجہ کیا کہ وہ اپنا تعاون جاری رکھیں اور سیلاب زدگان کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے بلاتفریق ترتیب کے ساتھ منظم انداز میں امدادی کام تیز ترکردیں،بعض مقامات پر تاحال سیلاب متاثرین ریلیف کے منتظر ہیں انہیں امداد فراہم کی جائے تاکہ کوئی سیلاب زدگان امداد سے محروم نہ رہے۔

آخر میں قائد محترم نے سندھ حکومت کو متوجہ کیا کہ جن علاقوں میں سیلابی پانی تاحال موجود ہے نکالنے کیلئے اقدامات کو تیز تر کیا جائے تا کہ سیلاب متاثرین اپنے گھروں کو واپس جاسکیں ۔ حکومت سیلاب متاثرین کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے ایسا شفاف طریقہ کار وضع کرے تاکہ ریلیف کا عمل آسان ا ور سیلاب متاثرین کے نقصانات کا ازالہ ممکن ہوسکے ۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .