۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
علامہ مرید نقوی

حوزہ / وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر نے کہا: بغیر تصدیق کے خبر دینا معاشرے میں انتشار کا باعث بنتا ہے، آج کل سوشل میڈیا کا استعمال بڑھ چکا ہے۔ 12 سے 17 ربیع الاول تک ہفتۂ وحدت بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ سید مرید حسین نقوی نے کہا ہے کہ حالات سے واقفیت، غیر جانبدارانہ تجزیہ اور قوم کی رہنمائی میڈیا کی ذمہ داری ہے ۔ رہنمائی کے لئے سب سے اہم بات خبر کی تصدیق ہے ۔بغیر تصدیق کے خبر دینا معاشرے میں انتشار کا باعث بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کل سوشل میڈیا کا استعمال بڑھ چکاہے۔سوشل میڈیا کے استعمال میں بے احتیاطی اور بغیر تصدیق کے خبر چلانے کی وجہ سے معاشرے میں ہیجانی کیفیت پیدا ہو تی ہے۔ اس حوالے سے سورہ حجرات میں کوئی خبر آگے پہنچانے سے پہلے اس کی تصدیق کا حکم دیا گیا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ صحافت ذمہ دارانہ پیشہ ہے،اس سے وابستہ تمام افراد کو اپنا ذمہ دارانہ اور غیر جانبدارانہ کردار ادا کرنا ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعة المنتظر میں وفاق المدارس کی میڈیا کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مولانا لعل خان توحیدی اور مولانا مختار حسین جعفری نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں وفاق المدارس کی میڈیا سیل کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے اس کی بہتری کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا اورفیصلہ کیا گیا کہ اہل صحافت سے بہتر تعلقات کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ میڈیا سیل کو متحرک کیا جائے گا۔ اہم قومی مذہبی اور سماجی موضوعات پر وفاق المدارس اپنا موقف عوام تک پہنچانے کے ساتھ رئیس الوفاق آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی کے دروس اخلاق اور خطابات کو بھی میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میڈیاسیل وفاق المدارس سے ملحقہ اہم دینی مدارس کی کارکردگی کو بھی عوام تک پہنچائے گا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاق المدارس رواں ماہ ربیع الاول میں ہفتہ وحدت کے حوالے سے سید المرسلین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور چھٹے تاجدار امامت حضرت جعفر صادق علیہ السلام کے ایام ولادت کی مناسبت سے 12 ربیع الاول سے 17 ربیع الاول تک ہفتہ وحدت بھر پور طریقے سے منائے گا۔جس میں دوسرے مکاتب فکر کو بھی دعوت دی جائے گی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .