حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مقررین نے ماہ مبارک رمضان کی فضیلت و اہمیت، ماہ مبارک میں تبلیغ کے مواقع، امامت و ولایت اور حالات حاضرہ کے موضوعات پر مبلغین امامیہ سے گفتگو کی۔
تفصیلات کے مطابق، مبلغین امامیہ کے اس اجتماع میں جامعہ الولایہ اسلام آباد کے فاضل مدرس اور ادارہ الباقر کے مدیر تربیت جناب حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید جاوید حسین شیرازی، الباقر مرکز مطالعات کے ڈائریکٹر فاضل محقق جناب سید ابن حسن بخاری، مجلس علماء امامیہ کے مدیر و منتظم جناب حجتہ الاسلام والمسلمین چوہدری ضیغم عباس، فاضل مدرس جناب حجت الاسلام والمسلمین جان علی حیدری اور فاضل عالم دین جناب حجت الاسلام والمسلمین قاضی نادر علوی نے خطاب فرمایا۔
ادارۂ الباقر کے شعبہ تبلیغات(مجلس علماء امامیہ پاکستان) کے استقبال رمضان المبارک کے سلسلہ میں منعقدہ اجتماعات جاری ہیں جن میں فاضل مدرسین، علمائے کرام و زعماء مبلغین امامیہ و آئمہ جمعہ و جماعت کی استعداد افزائی کی غرض سے مختلف موضوعات پر گفتگو کرتے ہیں۔
سربراہ ادارہ جناب حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کی خصوصی کاوش اور دلچسپی سے منعقد ہونے والے مجلس علماء امامیہ کے ان سالانہ اجتماعات سے اب تک سینکڑوں مبلغین امامیہ مستفید ہوچکے ہیں۔