۲۹ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۰ ذیقعدهٔ ۱۴۴۵ | May 18, 2024
علامہ ساجد نقوی

حوزہ / قائد ملت جعفریہ پاکستان نے 25 شوال المکرم حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے پیغام جاری کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے امام ششم حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم شہادت 25 شوال المکرم کی مناسبت سے جاری اپنے پیغام کہا ہے کہ امام جعفر صادق علیہ السلام علوم دینی اور علوم عصری کے بیک وقت حامل، مروج، بانی اور منبع و مرکز تھے۔

انہوں نے کہا: آپ علیہ السلام کے وضع کئے ہوئے قواعد اور اصول آج بھی تمام مسالک اور مکاتب فکر کے لیے رہنماء کی حیثیت رکھتے ہیں کیونکہ آپ کے علوم کسی خاص مکتب، مسلک، گروہ یا طبقے سے خاص نہیں بلکہ ہر علم دوست اور شعور کے حامل انسان نے ان سے استفادہ کیا ہے۔

علامہ سید ساجد نقوی نے کہا: آپ علیہ السلام نے اپنے والد گرامی قدر حضرت امام محمد باقر علیہ السلام سے براہ راست حصول علم اور کسب فیض کیا اور اپنے اجداد امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام اور پیغمبر گرامی قدر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عطا کردہ علوم سے بہرہ مند ہوئے، یہی وجہ ہے کہ آپ علیہ السلام نے اپنے دور میں علم کا دعوی کرنے والا ہر شخص کو لاجواب کیا اور اسلام کے حوالے سے پھیلائی گئی تمام غلط فہمیوں کو اپنے علم کی بنیاد پر دور کیا۔

آپ علیہ السلام کے شاگردوں میں بڑی بڑی شخصیات شامل تھیں جنہوں نے اپنے اپنے ادوار میں اپنے شعبے کے حوالے سے عوام کی رہنمائی کی۔

دور حاضر کی سائنسی تحقیقات اور عصری علوم کا ارتقاء امام جعفر صادق علیہ السلام کا مرہون منت ہے جبکہ عام ٹیکنالوجی سے لے کر ایٹمی ٹیکنالوجی تک تمام کی بنیاد حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے دئے ہوئے علمی ترکہ سے ملتی ہے چنانچہ دینی، شرعی ، فقہی، اور سماجی رہنمائی کے ساتھ ساتھ عصری علوم ،کیمیا ، فزکس، ریاضی ، فلسفہ ، ایجادات، تخلیقات ، لسانیات اور ان جیسے متعدد علوم اور میدانوں میں ترقی و کمال کے لئے علم و اسلام سے عقیدت رکھنے والے انسان حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے علوم، کردار، سیرت اور اصولوں کا مطالعہ کریں، ان پر عمل کرنے کی کوشش کریں اور ان سے مخلصانہ استفادہ کریں تو ایک بار پھر دنیا میں علم کا غلبہ ہوگا اور جہالت کا خاتمہ ہوگا اور انسانیت کو درپیش تمام مسائل حل ہوں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .