حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جنرل سکریٹری مجلس علماء ہنددوستان حجت الاسلام والمسلمین سید کلب جواد نقوی نے نائیجیریا میں اسلامی تحریک کے سربراه شیخ زکزاکی کو زہر دیے جانے اوران سے متعلق عدالتی احکامات پر عمل نہ کیے جانے پر سخت الفاظ میں نائیجریا حکومت کی مذمت کی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اقوام متحدہ سے انکی حفاظت کو یقینی بنائے جانے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ نائیجیریا حکومت شیخ ابراہیم زکزاکی کو آہستہ آہستہ زہر دیکر قتل کرنے کی سازش کررہی ہے۔عالمی میڈیا کے ذریعہ باوثوق خبریں مل رہی ہیں کہ انہیں ’سلوپوئیزن‘ دیاجارہاہے اور ڈاکٹروں کو بھی ان کے علاج کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ،یہ صورتحال تشویش ناک ہے اور شیخ زکزاکی کی جان کو بیحد خطرہ لاحق ہے۔
جنرل سکریٹری مجلس علماء ہنددوستان نے کہا کہ نائیجریا حکومت کا یہ اقدام حقوق انسانی کی کھلی خلاف ورزی ہے جس پر حقوق انسانی کی عالمی تنظیموں اور اقوام متحدہ کو فوری کاروائی کرتے ہوئےشیخ زکزاکی کی جان کی حفاظت کو یقینی بنانا چاہئے۔
انہوں نے مزید کہاکہ نائیجریا حکومت امریکہ اور اسرئیل کی طرح ایک ظالم حکومت ہے جو مظلوموں کا قتل کرتی آرہی ہے ۔اقوام متحدہ کو نائیجیریا میں اقلیتوں کے قتل عام اور شیعوں کی نسل کشی پر جلد از جلد مناسب اقدام کرنا چاہئے ۔اگر زکزاکی کی جان کو کسی بھی طرح کا خطرہ لاحق ہوتاہے تو اس کی ساری ذمہ داری اقوام متحدہ اور حقوق انسانی کی عالمی تنظیموں پر عائد ہوگی ۔مولانا نے کہاکہ جلد ہی اس سلسلے میں اقوام متحدہ کو خط لکھ کر مناسب اقدام کا مطالبہ کیا جائے گا۔