حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حضرت محمد (ص) سے عقیدت و محبت اور شان رسالت کی حفاظت آئین پاکستان کا تقاضا ہے۔ پہلے بھی بعض قوتوں نے پارلیمنٹ کے حلف نامے میں تبدیلی کی کوشش کی تھی ، پوری قوم کو بیدار اور ہوشیار رہنا ہوگا ۔ جب تک حکومت خود مدعی نہ بن جائے ، عوام سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمیں حضور کے صدقے میں ملاہے۔ جب تک ملک میں اسلامی نظام نافذ نہیں ہوتا ، حضور صلی اللہ علیہ وآله وسلم کی ناموس اور ملک کی اسلامی شناخت کی حفاظت نہیں ہوسکتی ۔
انہوں نے کہاکہ حضور صلی اللہ علیہ وآله وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والے کو مغرب میں وی آئی پی پروٹوکول ملتاہے ۔ یہ دورنگی ، منافقت اور اسلام د شمنی کی بدترین مثال ہے ۔ آسیہ مسیح کی رہائی کے فیصلے پر بھی مغرب میں ہرجگہ خوشیاں منائی گئیں جبکہ دنیا بھر کے مسلمان ، خاص طو رپر پاکستانی عوام صدمے سے دوچار ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ حضور صلی اللہ علیہ وآله وسلم کی سیرت کے پیغام کو ہر پاکستانی تک پہنچانے کے لیے تحریک ناموس رسالت ملک بھر میں سیر ت رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر پروگرامات کرے گی ۔ صوبائی و وفاقی دارالحکومت سمیت تمام شہروں میں بڑے بڑے عوامی جلسے کیے جائیں گے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کارکن ربیع الاول کو دعوت کا مہینہ بنائیں اور ملک میں نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وآله وسلم کے نفاذ کی جدوجہد کو تیز کردیں ۔