۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
حجت الاسلام والمسلمین سید ساجد علی نقوی

حوزہ/ سربراه شیعہ علماء کونسل پاکستان حجت الاسلام والمسلمین سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ اسرائیل مسلسل فلسطینیوں پر ظلم و جارحیت روا رکھے ہوئے ہے، گولان پر بین الاقوامی اسرائیلی ڈاکے کو امریکہ کی جانب سے حق حاکمیت کے طور پر تسلیم کرنا نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی بلکہ استعماریت کی واضح مثال ہے، مسلم حکمرانوں کو اب آنکھیں کھولنا ہونگی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سربراه شیعہ علماء کونسل پاکستان حجت الاسلام والمسلمین سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ اسرائیل مسلسل فلسطینیوں پر ظلم و جارحیت روا رکھے ہوئے ہے، گولان پر بین الاقوامی اسرائیلی ڈاکے کو امریکہ کی جانب سے حق حاکمیت کے طور پر تسلیم کرنا نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی بلکہ استعماریت کی واضح مثال ہے، مسلم حکمرانوں کو اب آنکھیں کھولنا ہونگی، اسرائیل و بھارت نے کشمیر و فلسطین میں ظلم و جارحیت کی تمام حدیں پھلانگ لیں، کچھ اسلامی ممالک کی جانب سے جارح ریاستوں کے سربراہوں کو خوش آمدید کہنا بھی تشویشناک ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسرائیلی قابض فوج کی جانب سے فلسطین میں 30 مقامات پر بمباری کے دوران نہتے فلسطینیوں کی شہادت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کے واقعے پر اپنے رد عمل میں کیا۔

حجت الاسلام والمسلمین  سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ اسرائیل کی مظلوم فلسطینیوں پر مسلسل جارحیت، نہتے شہریوں پر بمباری عالمی ضمیر کےلئے سوالیہ نشان ہے، امریکہ جو اسرائیل کی سرپرستی کےلئے جس طرح تسلسل سے کھل کر سامنے آ تا رہاہے اس سے کسی انصاف کی توقع بھی رکھنا فضول ہے، اقوام متحدہ خصوصاً اسلامی دنیا کو اب اپنی انسانی و ملی ذمہ داری نبھاتے ہوئے مسئلہ فلسطین کے حل کےلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کا گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی جبری قبضے کو حق حاکمیت قبول کرنے کا اعلان بین الاقوامی اصولوں اور قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور صیہونی لابی کی ننگی طرف داری ہے ، عالم اسلام اور تمام ذی شعور بین الاقوامی قوتوں کو چاہیے کہ وہ اس بین الاقوامی ڈاکے کو یکسر مسترد کردیں۔

سربراه شیعہ علماء کونسل پاکستان نے کہا کہ حکومت پاکستان کو بھی قائد اعظم ؒ کے فرمودات کے مطابق مسئلہ فلسطین کو بین الاقوامی سطح پر اسی بھرپور سپرٹ سے اٹھانا چاہیے جیسا ماضی میں پاکستان کا دوٹوک اور واضح موقف رہاہے۔ مسئلہ فلسطین و کشمیر اسلامی دنیا کے سب سے پرانے اور انتہائی حل طلب مسائل ہیں ،پاکستان کو اس سلسلے میں بھرپور اور تیز ترین سفارتکاری کے ذریعے بین الاقوامی برادری تک اپنی آواز پہنچانا چاہیے ۔ کیونکہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیل اور برصغیر میں انڈیا نے ظلم و جارحیت کی تمام حدیں پھلانگ دی ہیں البتہ اس ظلم کے باوجود کچھ اسلامی ممالک کی جانب سے ان جارح ریاستوں کے سربراہوں کو خوش آمدید کہنا بھی انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے دعوت دی کہ اس مرتبہ جمعة اولوادع کے دن یوم القدس بھرپور طریقے سے منایا جائے۔

 

تبصرہ ارسال

You are replying to: .