۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ ساجد نقوی

حوزہ/ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے اسرائیلی جارحیت پررد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پلاننگ کے تحت فلسطینیوں کو اپنی سرزمین سے بے دخل کرکے غاصب ریاست کو توسیع دی جارہی ہے،ایک طرف یوم جوانان دوسری طرف فلسطینی عوام کی نسل کشی، یہ کھلا دہرا معیار ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ اسرائیل کا وجود ناجائزہے، عالمی استعمار مسلسل اس ناجائز ریاست کی پشت پناہی جاری رکھے ہوئے ہے کیونکہ ایک منصوبہ بندی کے تحت فلسطینیوں پر مظالم اور ان کی سرزمین سے بے دخل کرکے ظالم ریاست کو دوام بخشنے کےلئے توسیع دی جارہی ہے مسلسل ننگی جارحیت کو روکنے اور فلسطینیوں کو حقوق دلانے کیلئے عالمی سطح پر مضبوط اور منظم موقف کےساتھ پالیسی مرتب نہیں کی جائیگی تب تک اسرائیل نہ صرف مزید خونخوار ہوگا بلکہ فلسطینیوں پر ظلم کی تاریک رات مزید لمبی ہوجائیگی، ایک طرف عالمی سطح پر یوم جوانان جبکہ دوسری طرف فلسطینی عوام کی نسل کشی یہ کھلا دہرا معیار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حالیہ اسرائیلی جارحیت پر ردعمل ، عالمی یوم جوانان اور پاکستان میں اقلیتی برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کے یوم پر اپنے الگ الگ پیغام میں کیا۔

قائدملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ مسلسل فلسطینی عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں، اس کی بستیوں کو مسمار کرکے کھنڈرات میں تبدیل کردیاگیاہے، خواتین ، بچوں اور بزرگ شہریوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں یہ سب ایک پلاننگ کے تحت، ناجائز اسرائیلی ریاست کو دوام بخشنے کےلئے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں جب تک عالمی سطح پر منظم اور مضبوط موقف کےساتھ فلسطینی ریاست کی اصل حالت میں بحالی کےلئے مضبوط پالیسی مرتب نہیں کی جاتی اس وقت تک اسرائیل مزید خونخوار، ظالم اور فلسطینیوں پر اپنی ہی زمین تنگ کرکے ان پر مظالم کی سیاہ رات کو مزید طول دے گا اور درندگی کا مظاہرہ کر تا رہے گا،حالیہ جارحیت میں مزاحمتی تحریک جہاد اسلامی کے رہنماﺅں کو شہید کیا گیا ۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے عالمی یوم جوانان پر اپنے پیغام میں کہاکہ عالمی سطح پر یوم جوانان منایا جارہاہے مگر دوسری طرف عالمی مسئلہ فلسطین جوں کے توں ہیں جبکہ ایک طرف آئے روز فلسطینی نوجوانوں کے قتل کےساتھ منظم سازش کے تحت نسل کشی کی جارہی ہے تو دوسری طرف معاشروں میں بگاڑ پیدا کرکے نوجوان نسل کو گمراہ، ذہنی اضطراب اور انتشار کی کیفیت کی طرف دھکیلا جارہاہے۔

انہوں نے 11 اگست کو پاکستان میں یوم اقلیت پر اپنے پیغام میں کہاکہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب اور اقوام کے شہریوں کو اپنی اپنی روایات اور مذہب کے مطابق زندگی گزارنے کا مکمل حق حاصل ہے اور یہ حق بابائے قوم کے فرامین کےساتھ دستور پاکستان نے دیا ہے جسے کوئی چھین نہیں سکتا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .