۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ ساجد نقوی

حوزہ / علامہ سید ساجد نقوی نے کہا: فلسطین و لبنان میں نسل کشی و تباہ کاری کے خاتمے کےلئے پاکستان عملی کردار ادا کرے، سامراجی قوتوں پر اثرورسوخ کے ذریعے دباؤ بڑھائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے شہید سید حسن نصر اللہ کے چہلم کی مناسبت سے ان کی مقاومت اور قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا اور فلسطین و لبنان میں نسل کشی اور قتل عام رکوانے پر تاکید کرتے ہوئے کہا: خطے میں نسل کشی و تباہ کاری کو رکوانے کےلئے پاکستان عملی کردار ادا کرے، اگر پاکستان اپنا سفارتی اثر و رسوخ مضبوطی سے استعمال کرے تو سامراجی و اسرائیلی سفاکیت و جارحیت کو رکوا سکتا ہے۔

انہوں نے مسئلہ فلسطین و لبنان کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: اس وقت جوگھمبیر صورتحال ہے زمینی حقائق یہ ہیں کہ اس بہیمیت کے مرتکب دراصل سامراجی قوتیں ہیں جو صہیونی ریاست کو ہر قسم کے وسائل، فنڈز، جدید ترین اسلحہ، ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس سروسز، منصوبہ بندی وغیرہ جیسے امکانات فراہم کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: سامراج ان وسائل کے ساتھ ساتھ تمام چیزوں کو اپنی نگرانی میں آپریٹ کرا رہا ہے، اسی کے ذریعے ناجائز صہیونی ریاست اتنی دیدہ دلیر ہوئی کہ ایک سال سے زائد عرصہ سے غزہ پر قیامت برپا کرنے کے ساتھ لبنان کو بھی جلا کر برباد کر رہی ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: پاکستان کے تمام عالمی قوتوں کےساتھ تعلقات ہیں اور یہ بطور ایک ایٹمی ملک کے اتنا ا ثرو رسوخ رکھتاہے کہ اگر بھرپور سفارتکاری اور مضبوط لابی کےساتھ ان قوتوں پر دباؤ بڑھائے تو غزہ ولبنان میں جاری جارحیت، سفاکیت، بہیمیت اور درندگی ختم ہوسکتی ہے بلکہ دنیا کو تیسری عالمی جنگ سے باز بھی رکھا جاسکتاہے۔

انہوں نے مزید کہا: مظلوم فلسطینیوں و لبنانی عوام کےلئے امدادی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں دیگر ممالک کو بھی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہنگامی اقدامات انجام دینے چاہئیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .