۳۰ فروردین ۱۴۰۳ |۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 18, 2024
آیت اللہ حسینی بوشہری

حوزہ / اسلامی جمہوریہ ایران کے دینی مدارس کی اعلیٰ کونسل کے جنرل سیکٹری نے کہا: چہلم سیدالشہداء(ع) کے موقع پر کربلا کی طرف پیدل مارچ میں لوگوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی راہ ہموار کی جائے۔

آیت اللہ حسینی بوشہری  نے حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے چہلم سیدالشہداء (ع) کے موقع پر کروڑوں کی تعداد میں لوگوں کے کربلا کی طرف پیدل سفر کرنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: یہ بہت عظیم اور پرشکوہ منظر ہے جس نے حالیہ برسوں میں دنیا کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا ہے۔

انہوں نے کہا: زائرین اپنے اس عمل کے ذریعے سیدالشہداء امام حسین(ع) سے اپنے عشق اور محبت کا اظہار کرتے ہیں اور شیعیان و محبان سیدالشہداء(ع) کا یہ عمل ظلم اور سامراج کے خلاف ایک احتجاج بھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا: کربلا کی طرف زائرین کا یہ پیدل مارچ خاندان نبوت سے اظہار محبت کے ساتھ ساتھ دشمنوں کے مقابلے میں اہل تشیع اور مسلمانوں کی عظمت اور طاقت کا مظاہرہ بھی ہے۔

شہر قم کے امام جمعہ نے کہا: جو شخص ان ایام میں زیارت امام حسین(ع) کی سعادت حاصل کرتا ہے اسے معلوم ہونا چاہئے کہ خداوند عالم، معصومین(ع) اور امام زمانہ(عج) کا اس پر خصوصی لطف و کرم ہے پس ہمیں چاہئے کہ سب کو  اس سفر کی دعوت دیں اور ان کے لئے اس سفر کی راہ ہموار کریں۔

آیت اللہ حسینی بوشہری  نے کہا: امام حسین(ع)، حضرت زینب(س) اور امام سجاد(ع) کی محبت میں لاکھوں زائرین  کا کربلا کی طرف یہ پیدل مارچ امت اسلامی کی وحدت اور یکجہتی کا نمونہ ہے بلکہ یہ عظیم عمل ادیان و مذاہب کی قید سے ماوراء ہے۔ کربلا کی طرف عشق کے اس سفر میں شیعیان اہل بیت(ع) اور مسلمانوں کے علاوہ تمام ادیان کے وہ افراد بھی شرکت کرتے ہیں جن کا بظاہر اہل بیت(ع) سے کوئی تعلق نہیں ۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امام حسین(ع) سے عشق رنگ و نسل اور مذہب و قوم سے ماوراء ہے۔

دینی مدارس کی اعلیٰ کونسل کے جنرل سیکرٹری نے کہا: گذشتہ چند سالوں میں اس عظیم اجتماع کو عالمی میڈیا نے بھی کوریج دی ہے اگرچہ بعض مغربی ذرائع ابلاغ نے اس عظیم اجتماع کو سینسر بھی کیا ہے لیکن یہ بات مسلّم ہے کہ دشمن امت اسلامی کی وحدت اور طاقت کے اس عظیم مظاہرے سے خوف و ہراس میں مبتلا ہے۔

انہوں نے کہا: حکومت کو چاہئے کہ وہ چہلم سیدالشہداء(ع) کے اس عظیم اجتماع میں شرکت کرنے کے لئے عراق جانے والے زائرین کو سفر کی بہترین سہولیات فراہم کرے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس تربیت ساز اجتماع میں شرکت کریں۔

آیت اللہ حسینی بوشہری  نے کہا: لوگوں کا اہل بیت عصمت و طہارت(ع)سے جس قدر رابطہ زیادہ ہو گا اتنا ہی زیادہ لوگ انقلاب اسلامی کی حفاظت اور دشمن کے مقابلے کے لئے تیار ہوں گے۔

انہوں نے آخر میں کہا: رہبر انقلاب اسلامی، مراجع تقلید، علماء کرام اور تمام دیندار لوگوں کی خواہش ہے کہ کربلا میں چہلم سیدالشہداء(ع) کے عظیم اجتماع میں لوگوں کی بھرپور شرکت کی راہ ہموار کی جائے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .