حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں ٹوئیٹر پر لفظی جنگ شدت اختیار کر گئی عمران خان ٹرمپ کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ کے غلط بیانات پاکستان کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہیں ٹرمپ اپنا ریکارڈ درست کریں۔
امریکی صدر نے اپنے ٹویٹ میں کہا تہا کہ پاکستان پیسے لینے کے باوجود ہمارے لیے کام نہیں کرتا۔ اس کی واضح مثال اسامہ بن لادن کا کیس ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان پر تنقید کا بھرپور جواب د یتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کو پاکستان سے متعلق ریکارڈ درست کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف امریکا کی جنگ میں ساتھ دیا اور 75 ہزار جانیں قربان کیں، پاکستانی معیشت کو 123 ارب ڈالرز سے زائد کا نقصان ہوا۔
عمران خان نے امریکی صدرکو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ اپنی ناکامیوں پر پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانے کے بجائے اپنی کارکردگی کاسنجیدہ جائزہ لیں کہ آخر کیوں ایک لاکھ 40 ہزار نیٹو افواج، ڈھائی لاکھ افغان فوج اور افغانستان میں جنگ میں ایک کھرب ڈالر خرچ کرنے کے باوجود طالبان پہلے سے زیادہ طاقت ور ہیں.
وزیراعظم پاکستان نے مزید کہا کہ ہم امریکی جنگ میں پہلے ہی کافی نقصان اٹھا چکے ہیں، اب صرف وہی کریں گے جو پاکستان اور ہمارے اپنے لوگوں کے مفاد میں ہوگا۔