۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
عمران خان

حوزہ / وزیراعظم پاکستان عمران خان نے قوم سے خطاب کے دوران پاکستان میں امریکی مداخلت اور امریکی خط سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے الفاظ خطرناک تھے جس میں پوری پاکستانی قوم کی توہین کی گئی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ملکی حالات کے تناظر میں آج 31 مارچ 2022ء کو قوم سے خطاب کیا ہے۔ وزیراعظم پاکستان نے قوم سے خطاب کے دوران پاکستان میں امریکی مداخلت اور امریکی خط سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے الفاظ خطرناک تھے جس میں پوری پاکستانی قوم کی توہین کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا: امریکہ پاکستان میں کرپٹ لوگوں کو پروموٹ کرنا چاہتا ہے اور میرے روس کے دورے کو بنیاد بنا کر ہماری خارجہ پالیسی کو غلام بنانا چاہتا ہے جبکہ مسلمان قوم ایک آزاد قوم ہے جو کسی پریشر میں نہیں آئے گی۔

انہوں نے اپنے خطاب کے دوران مزید کہا: ہم نے غلط امریکی پالیسیوں پر اپنے 80 ہزار لوگوں کی قربانی دی لیکن پھر بھی امریکہ نے ہمارے اوپر پابندیاں لگائیں۔ لیکن اب ہم کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ چاہے عدم اعتماد کا جو بھی نتیجہ نکلے۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا: تمام چیزیں ریکارڈ پر ہیں۔ کوئی زبانی دھمکی نہیں دی گئی بلکہ آفیشل مراسلہ بھیجا گیا ہے اور کوئی وجہ بھی نہیں بتائی گئی ہے۔ بس کہا گیا ہے کہ عمران خان نے روس جانےکا تنہا فیصلہ کیوں کیا۔ خاص کر پاکستان کو کہا گیا کہ آپ روس کیوں چلے گئے، جیسے ہم ان کے نوکر ہیں!!۔

واضح رہے کہ عمران خان کی امریکی مخالفت کی وجہ سے مقبولیت دن بدن بڑھتی جا رہی ہے اور یہ وہ وقت ہے جب پاکستان سے امریکی بساط مکمل طور پر لپیٹی جا سکتی ہے کیونکہ اب دنیا امریکی شرارتوں اور ظلموں سے تنگ آ چکی ہے۔

یاد رہے کہ عالمی طاقتوں کے سامنے ڈٹ جانے پر حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے بھی عمران خان کو اپنے ویڈیو پیغام کے ذریعہ خراجِ تحسین پیش کیا تھا جس کی خبر پاکستان کے معروف ٹی وی چینل "اے آر وائی نیوز" نے نشر کی تھی۔ ان کا ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ عالمی طاقتوں نے عمران خان کو دبانے کی کوشش کی لیکن وہ ڈٹ گئے، صاف کہہ دیا کہ "ہم تمہارے غلام نہیں۔ لبنانی عوام کو بھی امریکہ کو ایسے ہی جواب دینا چاہئے"۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .

تبصرے

  • شمس الحسین الحسینی PK 05:36 - 2022/04/01
    0 0
    ماشاءالله بہت خوب