حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامع مسجد چھوترون شگر بلتستان میں استقبالِ ماہِ رمضان المبارک کی مناسبت سے احیائے مدارس و مساجد سیمینار منعقد ہوا جس میں علاقے کے علماء، خطبا، اساتذہ، عمائدین اور سماجی شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق،31مارچ 2022ء بمطابق ٢٨ شعبان المعظم١٤٤٣ھ کو جامع مسجد چھوترون بلتستان میں استقبالِ ماہِ رمضان المبارک کے سلسلے میں ایک عالی شان سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں اروندو سے لے کر پایوشو تک کےعلماء کرام، واعظین، عمائدین اور سماجی شخصیات و اساتذۂ کرام مدعو تھے۔
سیمینار کی صدارت محکمۂ شرعیۂ کے سربراہ جناب حجۃ الاسلام والمسلمین سید عباس الموسوی نے کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے امام جمعہ والجماعت حجۃ الاسلام شیخ علی خان نادم نے سیمینار کے ایجنڈے پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس عظیم سیمینار کا مقصد، مساجد کا احیاءٕ، مدارس کو فعال رکھنا اور جن علاقوں میں دینیات سنٹر نہیں ہے ان علاقوں میں مدرسہ کا قیام ہے۔
سیمینار سے مولانا کمیل ہمیسل، شیخ سکندر حیات، شیخ مصطفی علی روحانی، شیخ علی جعفری، شیخ محمد علی زل، شیخ نذیر، شیخ بشیر صادقی اور شیخ محمد علی ناصری نے احیاء مساجد اور تبلیغِ دین کے موضوع پر خطاب کیا۔
آخر میں صدارتی خطبہ دیتے ہوئے امام جمعہ والجماعت، محکمۂ شرعیۂ کے سربراہ اور علمائےٕ امامیہ شگر کے ناٸب صدر حجۃ الاسلام والمسلمین سید عباس الموسوی نے تمام مہمانوں اور اس عظیم سمینار کے انعقاد میں تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔