۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
ماہ رمضان و مبلغین سیمینار

 حوزہ / قائد ملت جعفریہ حضرت آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کی سرپرستی میں استقبال ماہ رمضان و مبلغین سیمینار کا انعقاد جامعہ الرضا روہڑی میں زہرا (س) اکیڈمی کراچی کے زیر اہتمام اور شیعہ علماء کونسل پاکستان سکھر ڈویژن کے زیر انتظام انعقاد پذیر ہوا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکسستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی سرپرستی میں استقبال ماہ رمضان و مبلغین سیمینار کا انعقاد جامعہ الرضا، روھڑی میں زہرا (س) اکیڈمی کراچی کے زیر اہتمام اور شیعہ علماء کونسل پاکستان سکھر ڈویژن کے زیر انتظام انعقاد پذیر ہوا۔ جس میں ایک سو پچاس مبلغین نے سکھر، صالح پٹ، اوباڑو، کشمور، کندھ کوٹ، نارو، گڑھی یاسین، جیکب آباد اور ٹھل کے مضافاتی علاقوں سے شرکت کی۔

رپورٹ کے مطابق استقبال ماہ رمضان و مبلغین سیمینار میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے خصوصی شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔ ان کے علاوہ علامہ عبدالمجید بہشتی، علامہ سید یوسف رضا کاظمی، علامہ ریاض حسین روحانی، علامہ صابر حسین قمی، علامہ اللہ بخش شریفی، علامہ امداد حسین الحسینی اور علامہ مشتاق حسین عمرانی نے بھی خطاب کیا اور مبلغین کی عظمت، ذمہ داروں اور خدمات و فرائض پر لیکچرز دئیے۔

سیمینار سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا کہ تمام مبلغین ہمارے لئے محترم ہیں۔ آپ جس بھی علاقے میں خدمات کیلئے جاتے ہیں وہاں آپ کا اولین مقصد اللہ عزوجل کی خوشنودی ہونا چاہئے۔ ہماری تمام تر کامیابیاں اسی کی خوشنودی میں ہیں۔

انہوں نے کہا: مبلغین کو چاہئے کہ وہ اپنے عمل کے ذریعے لوگوں کو دین کی طرف بلائیں اس طرح وہ موثر انداز میں آگے آئیں گے۔

علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا: الحمدللہ، آپ معلم ہیں، مبلغ ہیں۔ اس کا مطلب آپ امام زمان عجل کے وکیل ہیں، ان کی بارگاہ میں آپ کا خاص مقام ہے۔ جس کی بنیاد پر آپ آج اپنی تمام تر مصروفیات کے باوجود تشریف لائے ہیں تاکہ عوام الناس تک پیغامِ ہدایت پہنچا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا: قائد محترم علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر ائمہ جماعت اور مدرسین مدارس دینیہ کیلئے صحت اسکیم کو متعارف کرایا جارہا ہے تاکہ ایمرجنسی بنیاد پر پیش آنے والے صحت کے مسائل کے حل کیلئے جس قدر جلد ممکن ہو، تعاون کیلئے اقدام کیا جاسکے۔

قابلِ ذکر ہے کہ اس سیمینار کی دو نشستیں تھیں۔ ان دونوں نشستوں کے درمیان علامہ سید یوسف رضا کاظمی صاحب کی اقتداء میں نماز ظہرین ادا کی گئی اور دوسری نشست کا اختتام دعائے سلامتی امام زمانہ عجل سے کیا گیا۔ جس کے بعد تمام شرکاء کیلئے ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .