حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کراچی/ مسجد و امام بارگاہ بقیۃ اللہ، ڈیفنس کراچی میں حجۃ الاسلام و المسلمین شبیر حسن میثمی نے خطبہ جمعہ میں مؤمنین کو اللہ تعالیٰ کی اطاعت، ماہِ رمضان کی تیاری اور امامت کے حقیقی مفہوم پر توجہ دلائی۔
علامہ میثمی نے اپنی گفتگو کا آغاز تقویٰ کی تاکید سے کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ کی پرواہ اور اس کا احترام ہی کامیابی کا راستہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اللہ نے انسان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیاء اور آسمانی کتابیں بھیجیں، اور بالخصوص قرآن مجید کو ہدایت کے لیے نازل فرمایا۔
انہوں نے امامت کے حوالے سے کہا کہ اگر صرف قرآن کو رہنما چھوڑ دیا جاتا تو ہزاروں تفسیریں موجود ہونے کے باوجود ہدایت کے حصول میں دشواری ہوتی، اسی لیے رسول اکرم (ص) نے ثقلین یعنی کتاب اللہ اور عترت اہل بیتؑ کو تھامنے کی تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے امامت کا مسئلہ واضح ہے اور ہم قرآن و حدیث سے اس پر دلیل لیتے ہیں۔
علامہ میثمی نے امام عصرؑ کی غیبت کے دوران رہنمائی کے حوالے سے کہا کہ امامؑ ہماری ہدایت فرماتے ہیں اور ہمیں راہ دکھاتے ہیں، ہمیں چاہیے کہ ہم امامؑ کی ہدایت کو قبول کریں اور ان کے راستے پر چلیں۔
ماہِ رمضان کی آمد کے پیش نظر انہوں نے مؤمنین کو اس خصوصی مہینے کی برکات کی طرف متوجہ کیا اور کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے رحمت و مغفرت کا مہینہ ہے، جس میں ہمیں ضیافتِ الٰہی کی دعوت دی جاتی ہے۔ انہوں نے سب کو اس مبارک مہینے کا استقبال کرنے اور نیتوں کی درستگی کی تاکید کی۔
آپ کا تبصرہ