حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے عارف وسالک الی اللہ ،فیلسوف دوراں،حکیم متالہ،شاعر و ادیب متبحرحضرت آیت اللہ حسن بن عبدالله طبری آملی(حسن زادہ آملی قدس سرہ) کی رحلت پر دلی افسوس اور رنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔
مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ حضرت آقا آیت اللہ حسن زادہ آملی قدس سرہ کی رحلت پر ہم سب غمگین ہیں۔وہ ایک بہت بڑے عارف، فلاسفر،معلم اور مذہبی شخصیت تھے۔دور عصر کے بیشتر جید علماء کو ان کی شاگردی کا شرف حاصل ہے۔ان کی تصنیفات علم و حکمت کا ایک بیش قیمت خزانہ ہے۔
دکھ کی اس گھڑی میں سوگواران کی خدمت میں ہدیہ تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں،بلا شبہ ان کی رحلت سے ایک ایسا علمی نقصان ہوا جس کا ازالہ ممکن نہیں۔ خدا وند کریم سے دعاگو ہیں کہ چہاردہ معصومین علیہم السلام کے مرحوم آیت اللہ حسن زادہ آملی کے درجات بلندفرمائے۔