حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،صدر آندھرا پردیش شیعہ علماء بورڈ مولانا عباس باقری نے کہا کہ افغانستان کے صوبۂ قندوز میں نمازِ جمعہ کے دوران ناپاک تکفیری و یزیدی عالمی دہشت گرد ٹولہ داعش نے ہمیشہ کی طرح اپنی باطنی قباست کا پتہ دیتے ہوئے بم دھماکے کے ذریعہ پھر ایک بار سو سے زیادہ بے گناہ شیعیانِ حیدر کرار کو شہید کرکے یوسفِ زہرا منتقمِ خونِ شہداء حضرت امام زمانہ عج کے قلبِ نازنین کو پارہ پارہ کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم یزیدی درندوں کی جانب سے کئے گئے اس ناجواں مردانہ حملہ کی اور عالمی میڈیا کی اس سلسلے میں حیرت انگیز خاموشی پر سخت الفاظ میں پُر زور مذمت کرتے ہیں
مزید کہا کہ ہم اس غمناک و دلخراش سانحہ کی تعزیت و تسلیت بارگاہِ عصمت و طہارت مُنجیِ عالَمِ بشریت حضرت امام عصر عج، رہبرِ معظم، مراجع تقلید، حوزاتِ علمیہ اور تمام مومنین و مومنات اور شہداء کے تمام متعلقین کی خدمت میں پیش کرتے ہوئے خالقِ موت و حیات کی بارگاہ میں دست بدعا ہیں کہ خداوند کریم و رحیم شہداء کو اپنے دامنِ رحمت و مغفرت میں جگہ عطا کرتے ہوئے اعلیٰ علیین میں بلندئ درجات نصیب فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبرِ جمیل و اجرِ جزیل عطا فرمائے اور جلد سے جلد اپنی آخری حجت منتقمِ خونِ شہداء حضرت امام زمانہ عج کو بھیج دے تاکہ روئے ارض سے ظالموں کا صفایا ہو اور قسط و عدل کی حکومتِ کریمانہ کا قیام عمل میں آئے آمین یا رب العالمين