۱۹ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۹ شوال ۱۴۴۵ | May 8, 2024
نمائندہ آیت اللہ العظمٰی سیستانی

حوزہ/ حجت الاسلام و مسلمین سید احمد صافی نے کہا: تحریک حسینیؑ کو دشمن کے جھوٹے اورگمراہ کن پراپیگنڈوں کا سامنا کرنا پڑا اور امام علی زین العابدینؑ پہلے شخص تھے کہ جنہوں نے دربار یزید میں ان جھوٹے پراپیگنڈوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ظالموں کو رسوا کر دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ سیستانی کے نمائندے  حجت الاسلام و المسلمین سید احمد صافی نے گذشتہ روز کربلا معلٰی میں حرم امام حسینؑ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا: امام حسینؑ اپنے نانا کی امت کی  اصلاح کی خاطر شہید ہوئے۔

انہوں نے کہا: اصلاح زور سے نہیں کی جاتی بلکہ وعظ و نصیحت کے ساتھ کی جاتی ہے

انہوں نے کہا: لوگوں کی اصلاح کے سلسلے میں بہت سارے حکام کو  کامیابی حاصل نہیں ہوئی کیونکہ لوگوں کی اصلاح سے پہلے انہیں اپنی اصلاح کرنی چاہیے۔

حجت الاسلام و المسلمین سید احمد صافی نے کہا: امت کو اصلاح سے دور نہیں بھاگنا چاہیے اور نصیحت کرنے والوں کی نصیحت پر کان دھرنے چاہئیں۔

شہر کربلا کے امام جمعہ نے کہا: تحریک حسینیؑ کو جھوٹے اور گمراہ کن پراپیگنڈوں کا سامنا رہا۔ امام علی زین العابدینؑ پہلے وہ شخص تھے جنہوں نے یزید بن معاویہ کے دربار میں ان پراپیگنڈوں کا مقابلہ کیا اور ظالموں کوذلیل و رسوا کیا۔

انہوں نے مزید کہا: امام سجادؑ کو بہت بڑی مشکل کا سامنا تھا اور وہ یہ تھی کہ امویوں نے لوگوں کا برین واش کیا ہوا تھا۔ انہیں غور و فکر کرنے کی فرصت نہیں دی گئی تھی۔امویوں کے جھوٹے  پراپیگنڈوں نے انہیں گمراہ کر دیا تھا۔پس امام سجادؑ نے حقیقت سے پردہ اٹھانے کی کوشش کی۔

آیت اللہ سیستانی کے نمائندے نے کہا:اہل باطل نے لوگوں کو گمراہ کرنے میں کبھی کوئی کسر نہیں چھوڑی وہ ہمیشہ لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش میں رہے۔لوگوں کو بھی اس جانب متوجہ رہنا چاہیے اور حق کو پہچاننا چاہیے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .