آیت اللہ علوی گرگانی نے حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے چہلم سیدالشہداء علیہ السلام کے سفر کے متعلق طلاب، علماء کرام اور زائرین کو نصیحتیں کرتے ہوئے کہا: آپ سب لوگ ابا عبداللہ الحسین علیہ السلام کے زائر ہیں۔ جس راستے پر آپ نے قدم رکھا ہے وہ خدا کا راستہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا: جب آپ نے چہلم سید الشہداء علیہ السلام کے موقع پر زیارت امام حسین علیہ السلام کا ارادہ کیا اور کربلا جانے کےلیے تیار ہوئے تو آپ نے قربت خدا کے لئے قدم اٹھایا ہے پس آپ کا عمل آگاہی اور خالص نیت سے ہونا چاہیے۔
آیت اللہ علوی گرگانی نے کہا: اگر انسان کا عمل اور نیت خالص ہو تو انسان کے لئے ترقی اور نفسانی کمال کا باعث بنتا ہے۔
انہوں نے کہا: چہلم سید الشہداء کے موقع پر دشمن سازشیں کر کے مسلمانوں کے درمیان وحدت کو پارہ پارہ کرنا چاہتا ہے۔
آیت اللہ علوی گرگانی نے کہا: جب دشمن دیکھتا ہے کہ چہلم سید الشہداء(ع) مسلمانوں کے درمیان اتحاد و وحدت کا باعث ہے تو وہ مسلمانوں کے درمیان اختلافات ایجاد کرکے چہلم کے اس عظیم اجتماع کے خلاف سازشیں تیار کرتا ہے۔
شیعہ مرجع تقلید نے کہا: دشمن ہمیشہ امت اسلامی کے درمیان اختلافات ایجاد کرنے کی کوشش میں رہتا ہے تاکہ ان پر حکومت کر سکے۔
آیت اللہ علوی گرگانی نے آخر میں کہا: علماء کرام اور ایران کے دیندار افراد کی دشمن کی سازشوں کے مقابلے میں ذمہ داری ہے کہ وہ دشمن کے فریب میں نہ آئیں اور دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کریں