حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ سیستانی کے نمائندہ اور حرم حضرت عباس علیہ السلام کے متولی حجت الاسلام والمسلمین سید احمد صافی نے کہا: حضرت زہرا سلام اللہ علیہا اور حضرت امیرالمومنین علیہ السلام جیسا نہ کوئی آیا ہے اور نہ آئے گا۔
حجت الاسلام والمسلمین سید احمد صافی نے کہا: حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی شناخت حاصل نہ کر سکنا ایک قسم کا افتخار اور عقل انسانی کے تکامل کی دلیل ہے۔جس طرح کہ بعض افراد حضرت علی علیہ السلام کے مقابلے میں جب شکست سے دوچار ہوتے تھے تو وہ فخر کیا کرتے تھے اور کہتے:’’ ہم نے حضرت علی علیہ السلام کے مقابلے میں شکست کھائی ہے کسی عام آدمی کے مقابلے میں نہیں‘‘۔
انہوں نے مزید کہا: آج بشریت کی مشکل دین نہیں بلکہ اس کا دیندار نہ ہونا اور اس کے درمیان شدت پسند افراد کا ہونا ہے کہ جو دین کے متعلق کچھ نہیں جانتے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین سید صافی نے کہا: ہمیں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے متعلق ہر قسم کے شبہات کے جوابات دینے چاہئیں اور حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کا دفاع کرنا چاہیے کیونکہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا اور حضرت امیر المومنین علیہ السلام جیسا نہ کوئی آیا ہے اور نہ آئے گا۔