۹ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 28, 2024
 آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی

حوزہ/ ​ آیت اللہ العظمی مکارم شیرازی نے کہا کہ آج دنیا میں عدل و انصاف کا فقدان ہے اور بے انصافی کا دور دورہ ہے کہ جس کا سرچشمہ انواع و اقسام کی جنگیں اور جرائم ہیں اور ان جرائم کا سبب دینی اصولوں اور قرآن کریم سے دوری ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے شہر قم میں دفتر تبلیغات اسلامی کے کانفرنس ہال میں "امام علی علیہ السلام موجودہ دنیا کے لئے عدالت اور روحانیت کا نمونہ" کے عنوان سے ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوئی جس کے لئے آیت اللہ مکارم شیرازی نے پیغام صادر کیا۔ ان کے اس پیغام میں آیا ہے کہ جب میرے سامنے حضرت علی علیہ السلام کا نام لیا جاتا ہے تو میں اپنے آپ کو علم و دانش اور عدالت کے سمندر کے سامنے پاتا ہوں۔ ان فضائل کا اعتراف صرف شیعیان اہل بیت علیہم السلام نے ہی نہیں بلکہ غیر مسلموں اور دیگر مذاہب نے بھی کیا ہے اور اپنی کتابوں میں ان فضائل کو ذکر کیا ہے۔

انہوں نے اس پیغام میں مزید ذکر کیا کہ آج دنیا میں بے انصافی اور بے عدالتی کا دور دورہ ہے جس کا سرچشمہ مختلف قسم کی جنگیں اور جرائم ہیں اور ان جرائم کا سبب بھی قرآن کریم اور دینی اصولوں سے دوری ہے اگر دنیا کی یہی حالت رہی تو وہ مٹ جائے گی۔

انہوں نے اس پیغام کے آخر میں تحریر کیا کہ دنیا میں موجود مشکلات سے نجات حاصل کرنے کے لئے اہل بیت علیہم السلام اور امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کی سیرت کی طرف رجوع ضروری ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .