حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حوزہ علمیہ قم کے عظیم استاد،محقق،حضرت آیت اللہ قربان علی محقق کابلی کی ایران میں رحلت کے عظیم سانحے کی مناسبت سے حوزہ علمیہ جامعۃالنجف سکردو میں تعزیتی اجلاس ہوا۔
تعزیتی اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے صد ر جامعہ روحانیت بلتستان پاکستان حجۃالاسلام سید احمد رضوی نے کہا کہ مرحوم آیت اللہ کابلی عظیم استاد اور مرجع تقلید ہونے کے علاوہ اجتماعی ،معاشرتی اور ملکی امورمیں بھرپور کرداراداکرتے تھے۔ مرحوم کا تعلق افغانستان سے تھا۔مرحوم افغانستان کے عوام کے نہایت شفیق اور ہمدرد رہنماتھے اور شب وروز لوگوں کے سیاسی،معاشی وعلمی مسائل کے حل کے لئے کوشاں رہتے تھے۔
حجۃالاسلام شیخ علی ممتاز نے علامہ محقق کابلی کو دینی علوم کے طلبا کے لئے قابل تقلید نمونہ قراردیا۔تعزیتی اجلاس میں محقق کابلی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔