حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ جامعۃ الزہراء سلام اللہ علیہا ہندوستان میں حضرت فاطمہ زہراءؑ کی ولادت باسعادت اور مدرسے کے یومِ تاسیس کی مناسبت سے ایک پُر وقار اور روح پرور جشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں طالبات نے منفرد پروگرام پیش کیے۔

جشنِ فاطمی کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کے بعد مدرسہ کی طالبات نے نہایت خوبصورت انداز میں تواشیح، تقاریر اور قصائد پیش کیے۔
پروگرام میں حوزہ کی معزز اساتذہ اور سینئر طالبات نے عملِ صالح کی اہمیت، خواتین کا کردار اور حضرت فاطمہ زہراءؑ بطورِ نمونۂ عمل کے موضوعات پر مؤثر اور فکر انگیز خطابات کیے۔
جشن میں جامعہ کے شعبۂ گہوارۂ بی بی معصومہؑ کی طالبات نے بھی بھرپور شرکت کی۔

پروگرام کے دوران طالبات کی جانب سے ایک تعلیمی مناظرہ بھی پیش کیا گیا، جس میں توحیدِ خداوندی اور اقرارِ الٰہی کو مرکزی حیثیت حاصل تھی۔
اس موقع پر "زینب یعنی زینتِ بابا" کے عنوان سے فارسی زبان میں ایک بہترین اور مؤثر پروگرام بھی پیش کیا گیا۔
اس عظیم الشان جشنِ فاطمی میں سنِ بلوغ کو پہنچنے والی (نو سالہ) بچیوں کے لیے ایک باوقار جشنِ تکلیف کا اہتمام کیا گیا۔ جامعہ کی اساتذہ نے بچیوں کو چادر تحفے میں دی اور محترمہ خانم رباب زیدی نے بچیوں سے اصولِ دین اور فروعِ دین کا اقرار عربی عبارات کے ساتھ اردو ترجمہ کے ذریعے کروایا نیز مرجعِ تقلید کے انتخاب سے متعلق بھی رہنمائی فراہم کی۔

تقریب کے دوران حوزۂ علمیہ کا سالانہ تعلیمی مجموعی نتیجہ 98 فیصد ہونے کا اعلان کیا گیا۔ اس میں سترہ طالبات ممتاز قرار پائیں۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والی ابتدائی تین طالبات کو اعلیٰ انعامات سے نوازا گیا، جبکہ بقیہ ممتاز طالبات کو بھی اساتذۂ حوزہ کے ہاتھوں بہترین انعامات پیش کیے گئے۔
یومِ ولادتِ حضرت فاطمہ زہراءؑ کی مناسبت سے ایک خوبصورت نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں حجاب کی اہمیت، مفید اور معیاری اسلامی کتب کی طرف حاضرین کو متوجہ کیا گیا۔
آخر میں حوزہ کی پرنسپل نے تمام اساتذہ، کارکنان اور طالبات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور پروگرام کا اختتام دعائے فرج پر ہوا۔









آپ کا تبصرہ