حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تبیان قرآنی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے مدیر اعلیٰ حجت الاسلام والمسلمین آغا سید عابد حسین حسینی نے ہندوستان کی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے حالیہ طرزِ عمل پر گہرے افسوس اور شدید مذمت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ آج کے دور میں عورت کے وقار، اس کے دینی و انسانی حقوق اور اس کی عزت و حرمت پر گفتگو ناگزیر ہو چکی ہے۔ اسلام نے عورت کو ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کی حیثیت سے جو بلند مقام عطا کیا ہے، وہ کسی بھی مہذب معاشرے کے اخلاقی معیار کی بنیاد ہے۔ اسی طرح دیگر ادیان میں بھی عورت کو ایک محترم اور مثالی کردار کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جیسا کہ ہندو دھرم میں سیتا کا کردار۔
مدیر اعلیٰ تبیان قرآنی ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے قرآنی تعلیمات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید متعدد مقامات پر واضح کرتا ہے کہ مرد و عورت ایک ہی فطرت سے پیدا کیے گئے ہیں۔ قرآن کے مطابق اللہ تعالیٰ نے انسان کو ایک ہی اصل سے پیدا کیا اور اسی میں سے اس کا جوڑا بنایا، اور یہی اصول تمام انسانیت کے لیے بیان کیا گیا ہے۔
انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ عملی زندگی میں، بالخصوص پیشہ ورانہ اور سماجی ماحول میں، خواتین کو وہ عزت، تحفظ اور وقار میسر نہیں جو ان کا بنیادی حق ہے۔
آغا سید عابد حسین حسینی نے بہار میں حالیہ انتخابی پس منظر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار، جو اقتدار کے حصول کے لیے کرپشن اور سیاسی جوڑ توڑ میں ملوث نظر آتے ہیں، ایک محجبہ مسلم خاتون کی توہین کے مرتکب ہو کر اپنے طرزِ فکر کو بے نقاب کر چکے ہیں۔ ان کے مطابق یہ عمل نہ صرف قابلِ مذمت بلکہ خواتین کے احترام اور مذہبی آزادی پر براہِ راست حملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہار کے وزیر اعلیٰ کی یہ حرکت انتہائی شرمناک ہے، جس کی سخت الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے، اور مطالبہ کیا کہ نتیش کمار فوری طور پر اس شرمناک رویے پر قوم سے معافی مانگیں۔









آپ کا تبصرہ