حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن نے بہار کے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک سرکاری تقریب کے دوران مسلم خاتون ڈاکٹر کے حجاب سے دست درازی کی کوشش کو انسانیت کو شرمسار کرنے والی نازیبا حرکت قرار دیتے ہوئے اس کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
مکمل بیان درج ذیل ہے:
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
یہ جان کر سخت دلی صدمہ ہوا کہ وزیرِ اعلیٰ بہار، نتیش کمار نے ایک مسلم خاتون ڈاکٹر کے ساتھ جس نازیبا اور غیر اخلاقی طرزِ عمل کا مظاہرہ کیا، وہ نہ صرف اسلامی حجاب کی توہین ہے بلکہ حقوقِ نسواں پر ایک شرمناک اور متعصبانہ حملہ بھی ہے۔
اطلاعات کے مطابق 15 دسمبر کو پٹنہ میں منعقدہ ایک سرکاری تقریب میں وزیرِ اعلیٰ بہار آیوش ڈاکٹروں میں تقرری نامے تقسیم کر رہے تھے۔ اسی دوران جب ایک مسلم خاتون ڈاکٹر تقرری نامہ لینے کے لیے اسٹیج پر آئیں تو حجاب میں ملبوس ہونے پر وزیرِ اعلیٰ آپے سے باہر ہو گئے اور غصے کے عالم میں ان کا حجاب ہٹانے کی کوشش کی۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس سے وزیرِ اعلیٰ بہار کی شبیہ کو شدید نقصان پہنچا ہے اور ہر سطح پر اس بیہودہ حرکت کی سخت مذمت کی جا رہی ہے۔
مجمع علماء و خطباء حیدرآباد کی جانب سے ہم بھی نتیش کمار کے اس ناجائز، غیر اخلاقی اور قابلِ مذمت عمل کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور ان سے فوری طور پر معافی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی بہار کے اردو اخبارات اور ملی و مذہبی قیادت کی پراسرار اور مصلحت آمیز خاموشی پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔
ہم تمام مسلمان بھائیوں اور بہنوں سے مخلصانہ اپیل کرتے ہیں کہ موجودہ ملکی سیاسی ماحول اور معاشرتی صورتِ حال کی سنگینی کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے اعتدال اور ہوش مندی کا دامن تھامے رکھیں اور ہر قسم کی انتہا پسندی سے اجتناب کریں۔ اسلام میانہ روی، رواداری اور اخلاقی اقدار کا درس دیتا ہے، نہ کہ شدت پسندی کا۔
واضح رہے کہ اسلام میں حجاب کا تصور خواتین کے لیے پردہ، شرم و حیا اور اخلاقی تحفظ سے جڑا ہوا ایک لازمی حکم ہے۔ اگرچہ اس کی جزئی تفصیلات میں فقہی اختلاف پایا جاتا ہے، تاہم اس کا بنیادی مقصد عورت کی عزت، وقار اور تحفظ ہے، جس کے بارے میں قرآنِ کریم اور احادیثِ نبویہ میں واضح ہدایات موجود ہیں۔
فقط والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
خیر اندیش
حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ
بانی و سرپرستِ اعلیٰ مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن (تلنگانہ، انڈیا)
17 دسمبر 2025ء









آپ کا تبصرہ