حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولانا محمد ظفر حسین معروفی امام جمعہ سکندر پور و مدرس حوزۂ علمیہ بقیۃ الله جلالپور امبیڈکر نگر یوپی نے خادم دین جناب باقر حیدر زیدی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
تعزیتی پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے:
آہ! ظفر بھائی
قال علی ابن ابی طالب علیہ السلام: خالطوا الناس مخالطۃ اذا متم علیھا بکوا علیکم وان عشتم حنوا الیکم. ایسے رہو کہ تمہاری شخصیت، تمہاری مہربانی، تمہارا اخلاق لوگوں کے دلوں میں گھر کر جائے۔ تم سے ملنے والے تمہاری صحبت کو ایک نعمت سمجھیں اور ہمیشہ تمہاری طرف توجہ رکھیں ایسے نیک اعمال چھوڑ جاؤ کہ جب تم اس دنیا سے جاؤ تو لوگ تمہیں یاد کرکے اشک بہائیں، کیونکہ تمہارا وجود لوگوں کیلئے ایک عطیہ تھا۔
آہ! گلشن ہستی میں جن قابلِ قدر شخصیات نے(اپنے خون جگر) محنت و لگن سے چمن کی آب پاشی کی ہے اور رہتی دنیا تک کیلئے اپنی حیات مستعار کے بیش قیمت نقوش انسانی دلوں پر مرتسم کئے ہیں ان میں ایک نمایاں نام باقر حیدر زیدی معروف بہ ظفر بھائی کا ہے ایک نیک نفس کا اس دنیا سے رحلت کرجانا در حقیقت ایک ایسی روشن شمع کا بجھ جانا ہے جو ہمیشہ دوسروں کو راستہ دکھاتی ہے۔ بااخلاق انسان کبھی مرتا نہیں وہ اپنے پیچھے ایسے نقوش چھوڑ جاتا ہے جو ہمیشہ زندہ رہتے ہیں ۔آپ نے ہمیشہ شفقتوں محبتوں سے نوازا ہمیشہ سختیوں میں مونس وہمدم رہے۔ ایسا مزاج کہ اگر کوئی ایک مرتبہ ان سے ملاقات کرتا تو وہ دوبارہ ملنے کی خواہش کرتا۔ایسا لگتا جیسے عرصۂ دراز سے شناسائی ہو۔
مرحوم کی رحلت پر دل گرفتہ ہے آنکھیں اشکبار ہیں اللہ ان کے درجات کو بلند کرے۔
حقیقت یہ ہے کہ اخلاقی قدروں کا ایک باب بند ہو گیا بہرحال مرحوم کی شخصیت کئی جہتوں پر مشتمل تھی دینی خدمات کی وجہ سے ایک ممتاز مقام کے حامل تھے، ان کی پوری زندگی سادگی، تقوی' اور خشیت الٰہی سے عبارت تھی دنیاوی شہرت یا ریاکاری سے دور رہ کر صرف رضائے الہٰی کیلئے دینی خدمات انجام دیتے رہے۔ نہ ذات پات، نہ قوم و قبیلہ، نہ رنگ و روپ کا تعصب اور نہ ہی کسی سے کوئی حسد ہر ایک سے پیار محبت اور اخلاق سے پیش آتے تھے ۔مرحوم علم دوست تھے بزم علماء میں رہنے کا شوق تھا ان کے چلے جانے سے ادبی حلقے میں ایسا خلا واقع ہوا ہے کہ جو شاید ہی پر ہوسکے ان کی وفات نے ہمارے دلوں پر گہرا اثر چھوڑا ہے۔
ہم اپنی طرف سے اور اپنے خانوادے کی طرف سے غم کی اس گھڑی میں مرحوم کے اہل خانہ لواحقین، وابستگان اور پسماندگان کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ مرحوم کو ان کی نیک خدمات کے صلہ میں جوار معصومین علیھم السلام میں جگہ عطا فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلٰی مقام عطا کرے ساتھ ہی اہل تعلق کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
آمین یا رب العالمین
شریک غم: محمد ظفر حسین معروفی امام جمعہ سکندر پور و مدرس حوزۂ علمیہ بقیۃ الله جلالپور امبیڈکر نگر یوپی









آپ کا تبصرہ