حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سیوان، بہار میں علمی، دینی اور ادبی سرگرمیوں کے سلسلے میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت کی مناسبت سے متعدد پروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ ان ہی تقریبات کے دوران شاعرِ اہلِ بیت جناب انور عباس رضوی المعروف انور بھیکپوری کو مجتمع آموزش عالی فقہ قم (ایران) کی جانب سے نفیس لوحِ تقدیر پیش کی گئی۔
یہ اعزاز قرآن و عترت فاؤنڈیشن کے بانی حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید شمع محمد رضوی کے ہاتھوں ایک عظیم الشان پروگرام میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ قرآن و عترت فاؤنڈیشن گزشتہ عرصے سے ہندوستان کے مختلف علاقوں میں ولایت فقیہ کے موضوع پر علمی مجالس، کلاسز اور کانفرنسوں کا انعقاد کرتی آ رہی ہے، جسے ملک کے اہلِ علم و ادب کے ساتھ ساتھ ایران کی معزز علمی شخصیات کی بھی تحسین حاصل ہوئی ہے۔
جناب انور بھیکپوری کی امتیازی خصوصیت یہ ہے کہ انہوں نے ولایت فقیہ کے موضوع پر سو سے زائد اشعار پیش کر کے اس فکر کی ترویج میں نمایاں کردار ادا کیا، جس کے اعتراف میں یہ اعزاز انہیں دیا گیا۔
اسی سلسلے میں امام بارگاہ قرآن و عترت، سیوان میں محفلِ جشن کا اہتمام کیا گیا، جہاں خطبۂ جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام والمسلمین مولانا سبط حیدر اعظمی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت، ان کے مقام و منزلت اور اسلامی معاشرے میں خواتین کے لیے ان کی شخصیت کو بہترین نمونہ قرار دیا۔ انہوں نے امام خمینیؒ کے اقوال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انقلابِ اسلامی کی کامیابی حضرت زہراؑ سے توسل کا ثمر ہے۔
مولانا سبط حیدر اعظمی نے احادیثِ نبوی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم بیان کرتے ہوئے حضرت فاطمہؑ کے احترام، ان سے محبت اور ان کی رضا کو رضائے الٰہی قرار دیا، نیز مومنین کو قرآن کی تلاوت، سیرتِ اہلِ بیتؑ اور راہِ خدا میں انفاق کی تلقین کی۔
ادھر حوزہ علمیہ آیت اللہ خامنہ ای، بھیک پور (سیوان) کے زیر اہتمام جشنِ کوثر بھی منعقد ہوا، جس میں مقامی و بیرونی شعرائے کرام نے طرحی کلام پیش کیا۔ اس محفل میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت اور امام خمینیؒ کی سالگرہ کے حوالے سے عقیدت و محبت کا اظہار کیا گیا۔ مقررین نے آیتِ مودّت کی تشریح کرتے ہوئے اہلِ بیتؑ سے عملی محبت، ان کے احکامات پر عمل اور علماء کے سماجی و انقلابی کردار پر زور دیا۔
تقریبات کے اختتام پر مقررین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ سیرتِ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور فکرِ امام خمینیؒ آج بھی امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے، جبکہ ایسے شعرا اور اہلِ قلم کی خدمات قابلِ تحسین ہیں جو اپنے قلم اور فکر کے ذریعے اس پیغام کو عام کر رہے ہیں۔









آپ کا تبصرہ