پیر 22 دسمبر 2025 - 19:32
اشعار/بہارِ رجب

حوزہ/آمد رجب المرجب کے موقع پر مولانا وقار حیدر املوی کے بہار رجب کے موضوع پر اشعار پیش خدمت ہیں۔

از قلم: مولانا وقار حیدر املوی

حوزہ نیوز ایجنسی|

پلٹ کے آئی ہے پھر برکتِ بہارِ رجب

مہک رہی ہے بوئے بادِ لالہ زارِ رجب

چلو کہ رحمتِ یزداں سمیٹنے کے لیے

دلوں کو رہتا ہے ہر آن انتظارِ رجب

سکوں ملا ہے دلِ بیقرار کو اس سے

مسرتوں کا ہے پیغام، اشتہارِ رجب

انہیں بلاتا ہے ہاتف کہ این رجبیون

وہ جن کو اصل میں رہتا ہے انتظارِ رجب

مٹائیے نہ اسے شیخ، مٹ نہیں سکتی

درارِ کعبہ نہیں، ہے یہ یادگارِ رجب

ہے اس کا اوجِ مقدر وہی شبِ معراج

ہے یہ بھی موجبِ تجلیل و افتخارِ رجب

ہیں عاشقانِ خدا یہ موالیانِ علیؑ

کہ ان پہ طاری ہوا جاتا ہے خمارِ رجب

نگاہِ دل کو نئی روشنی نصیب ہوئی

عبادتوں کو ملا حسنِ اعتبارِ رجب

ریاضتوں سے زرہ بار کیجیے خود کو

کہ نفس نفس ہے اب پیشِ کارزارِ رجب

ہماری کھیتیِ اعمال لہلہائے گی

رواں ہے دیکھیے پھر اس پہ آبشارِ رجب

ہے اور بھی تو مہینے نگاہِ قدرت میں؟

ضرور، ان سے جدا ہے مگر وقارِ رجب

علیؑ کا کعبے میں آنا ہی مہماں بن کر

بڑھا گیا ہے بہت حرمت و وقارؔ رجب

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha