ہفتہ 20 دسمبر 2025 - 17:18
امام بارگاہ افسر جہاں لکھنؤ میں عظیم الشان جشنِ مدحتِ حضرت فاطمہ زہراؑ کا انعقاد

حوزہ/ ولادتِ باسعادت شہزادیٔ کونین حضرت فاطمہ زہراؑ کی مناسبت سے امام بارگاہ افسر جہاں، لکھنؤ میں ایک عظیم الشان جشنِ مدحت منعقد ہوا، جس میں علماء، شعرائے کرام اور عقیدت مندوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے سیرت و فضائلِ سیدۂ کائناتؑ پر روشنی ڈالی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بسلسلۂ ولادتِ باسعادت شہزادیٔ کونین، دخترِ رسولِ ثقلین، مادرِ حسنینؑ، زوجۂ علی مرتضیٰؑ حضرت فاطمہ زہراؑ، امام بارگاہ افسر جہاں، لکھنؤ میں ایک عظیم الشان جشنِ مدحتِ فاطمہ زہراؑ کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں علماء، شعرائے کرام اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

محفل کا آغاز مولانا عسکری مرتضیٰ نے تلاوتِ کلامِ پاک اور حدیثِ کساء سے کیا۔ اس کے بعد افتتاحی خطاب حجت الاسلام عالی جناب مولانا سید عترت حسین، استاد جامعہ ناظمیہ نے فرمایا، جس میں آپ نے حضرت فاطمہ زہراؑ کے فضائل و مناقب، سیرت و عظمت کو قرآن و احادیث کی روشنی میں نہایت جامع انداز میں بیان کیا۔

محفل میں متعدد شعرائے کرام نے غیر طرحی نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد جناب کمیل عباس نے شخصیتِ فاطمہ زہراؑ کے عنوان سے شہزادیٔ اسلام کی بارگاہ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں مولانا محمد عسکری نے حضرت فاطمہ زہراؑ کی عظمت و شان پر ایک مختصر مگر پُراثر تقریر کی۔

امام بارگاہ افسر جہاں لکھنؤ میں عظیم الشان جشنِ مدحتِ حضرت فاطمہ زہراؑ کا انعقاد

اس کے بعد باضابطہ طرحی دور کا آغاز ہوا، جس کا مصرعِ طرح تھا:

“مدحِ زہرا میں عبادت کا مزہ ملتا ہے”

محفل کی نظامت کے فرائض جناب سلمان جارجوی نے بحسن و خوبی انجام دیے۔ دورانِ طرحی مشاعرہ متعدد شعرائے کرام کے منتخب اشعار پیش کیے گئے، جنہیں سامعین نے بے حد سراہا۔

جناب کاشف (ہریانہ) نے کہا:

محفل فاطمہ زہرا کا یہ منظر دیکھو

ہر طرف عطر سا ماحول رچا ملتا ہے

جناب عابد زید پوری کے اشعار:

ہم سجاتے ہیں اسی واسطے بزمِ مدحت

مدحِ زہرا میں عبادت کا مزہ ملتا ہے

جناب قدیم عباس کے اشعار کو خاص پذیرائی ملی، جن میں ولایتِ اہل بیتؑ، فدک اور مظلومیت کے موضوعات نمایاں رہے۔

اسی طرح جناب مظہر جریلوی، علی مرتضیٰ، امن نظمی پہانوی، محمد عباس، تنویر اعظمی، علی حیدر اعظمی، کوثر رضوی (لکھنؤ)، جعفر طیار اور دیگر شعرائے کرام نے اپنے عقیدت مندانہ کلام سے محفل کو معنویت بخشی۔

خصوصی طور پر حجت الاسلام مولانا سید عترت حسین رضوی صاحب کے مقطعِ محفل کو غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی، جس میں آپ نے ذکرِ زہراؑ کو رضائے خدا اور قبولیتِ عبادت کا سرچشمہ قرار دیا۔

آخر میں حجت الاسلام مولانا تنویر عباس کی دعا پر محفل اپنے اختتام کو پہنچی اور اگلے سال تک کے لیے جشنِ مدحت کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha