حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،بھوراجپور کی سرزمین امام خمینیؒ کے چاہنے والوں کی سرزمین کہلاتی ہے، جہاں انقلابی اور حماسائی گفتگو کو ترجیح دی جاتی ہے۔ یہاں پہلی مدافع ولایت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے غم کا ماحول نمایاں طور پر دکھائی دیتا ہے۔ اگرچہ تعداد کم ہے، لیکن کیفیت بے مثال ہے۔ یہاں اہل تشیع و اہل تسنن مل کر ایام فاطمیہ کے موقع پر مجالس اور عزاداری کا اہتمام کرتے ہیں۔
بھوراجپور کے علاوہ فاضل پور، سیوان، بھیک پور اور دیگر قریبی علاقوں میں بھی مجالس اور جلوس کا انعقاد کیا گیا۔ اس دوران مختلف علمائے کرام اور مقررین نے ایام فاطمیہ کی مناسبت سے روشنی ڈالی۔
مجلس کا آغاز مولوی سید شہنشاہ حسین رضوی نے تلاوتِ قرآن پاک سے کیا۔ اس کے بعد معروف سوزخوان سید غلام نجف رضوی نے سوزخوانی کے فرائض انجام دیے۔ جناب امیر حیدر صاحب، جو ریٹائرمنٹ کے بعد بھوراجپور میں محبانِ ام الائمہ کے ساتھ سرگرم ہیں، نے ایام فاطمیہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے بیان کیا کہ: یہ ایام صدیقہ کبریٰ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ایام ہیں، جو پوری دنیا میں عزاداری کے لیے مخصوص ہوچکے ہیں۔ ہمارے بزرگ علماء اور مراجع ہمیشہ ان مجالس میں شرکت کو اہم سمجھتے تھے، جیسا کہ آیت اللہ العظمیٰ بروجردی، امام خمینیؒ اور دیگر مراجع نے اس کی تاکید کی ہے۔
مولانا سید علی رضوی نے اپنی تقریر میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے احادیث کی روشنی میں آپ کی شان بیان کرتے ہوئے کہا کہ: امام صادق علیہ السلام سے مروی ہے کہ خدا نے حضرت فاطمہ (س) کو اپنے نور سے خلق کیا۔ آپ کا وجود عام انسانوں سے مختلف ہے، اور یہ کائنات آپ کے نور سے روشن ہوئی۔
مولانا سید فیض ظفر رضوی اور مولانا سید صادق رضوی نے اپنے تبلیغی سفر کے دوران اس پروگرام میں شرکت کی۔ انہوں نے فاطمہ شناسی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ: ہمیں فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت کو سمجھنے کے لیے مزید مطالعہ اور تحقیق کرنی چاہیے اور ان کی شخصیت کو معاشرے میں نمایاں کرنے کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔
پروگرام کے آخر میں گوپال پور سے آئے سید شہنشاہ رضوی اور بزرگ نوحہ خوان غلام حیدر نے نوحہ خوانی کی، جس پر عزاداروں نے گریہ و زاری کی۔ آخر میں زیارت اور دعائے امام زمانہ (عجل اللہ فرجہ) کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔
واضح رہے کہ یہ پروگرام حوزہ علمیہ آیت اللہ خامنہ ای کی سرپرستی میں منعقد کیا گیا، جو بھوراجپور میں عرصہ دراز سے مختلف دینی و عزاداری کے پروگرامز کا انعقاد کر رہا ہے۔