۲۳ آذر ۱۴۰۳ |۱۱ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 13, 2024
1

حوزہ/ مدرسہ جعفریہ کوپاگنج میں معدن عصمت سیمینار بعنوان ’’حضرت فاطمہ زہرا ؑ تاریخ و سیرت کے آئینے میں‘‘ منعقد ہوا جس میں مولانا شمشیر علی مختاری نے خطاب کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بتاریخ 14؍جنوری مدرسہ جعفریہ کوپاگنج مئو میں زہرا ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کوپاگنج کے زیر اہتمام شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت کی مناسبت سےمعدن عصمت سمینار بعنوان حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا تاریخ و سیرت کے آئینے میں ‘‘ منعقد ہوا۔

پرنسپل مدرسہ جعفریہ کوپاگنج ضلع مئو حجۃ الاسلام مولانا شمشیر علی مختاری نے کہا: دختر رسول خدا حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا خاتون جنت ہیں اور آپ کی شخصیت تمام انسانیت کے نمونہ ہدایت ہے۔حدیث قدسی کی روشنی میں یہ کہنابجا ہے کہ اگر فاطمہ نہ ہوتیں تو حضرت علی ؑ نہ ہوتے اور جب علی ؑو فاطمہؑ نہ ہوتے توحضرت رسول خدا ؐنہ ہوتے اور رسول خداؐ نہ ہوتے تو یہ کائنات نہ ہوتی کچھ بھی نہ ہوتا ۔

پرنسپل مدرسہ جعفریہ کوپاگنج نے مزید کہا کہ ہم نے اس سال ماہ جمادی الآخر(ایام فاطمیہ)کے شروع سے ہی پورے مہینے ہم نے بچوں کو بی بی زہرا سلام اللہ علیہا کے حوالے سے تحریر وتقریر کے لئے آمادہ کیا، الحمد للہ اچھا نتیجہ سامنے آیا ، تقریبا تیس بچوں(23/لڑکیاں اور 7/لڑکوں)نے بہترین مقالے تیار کئے اور دس بچیوں نے بہترین انداز میں اپنے اپنے مقالے سیمینار میں پڑھ کر اپنا، اپنے ماں باپ اور مدرسے کا نام روشن کیا۔

پروگرام کی ابتداء حافظ وقاری عرفان عباس سلمہ کی تلاوت سے ہوئی،اس کے بعدحجۃ الاسلام مولانا حسن رضا امام جمعہ کوپاگنج نے اپنی تقریر میں جناب فاطمہ زہرا کی سیرت پر سیر حاصل روشنی ڈالی، بعدہ‘ طلاب کرام نے اپنے اپنے تحریر کردہ مقالے پیش کئے جس کی مولانا حسن رضا امام جمعہ کوپاگنج نے پرزورتائید و حوصلہ افزائی فرمائی،اس کے بعد مداحانِ اہلیت ڈاکٹر محمد جواد مختاری کربلائی، ضیغم علی کربلائی اور دلبر عباس میثم کوپاگنجی نےبہترین منظوم نذرانہ عقیدت پیش کئے۔

آخر میں مولانا شمشیر علی مختاری کی صدارتی تقریر کے بعد تمام طلاب کرام کو انعامات سے نوازکر ان کی حوصلہ افزائی کی گی، نظامت کے فرائض مولانا ڈاکٹر کلب عباس نے انجام دیا ،اس موقع پر مدرسہ کے اراکین و اساتذہ اور طلبہ بطور خاص موجود رہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .