حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، منجی عالم بشریت سلسلہ امامت کی آخری کڑی حضرت حجۃ ابن حسن ؑ کے یوم ولادت باسعادت اور شب برات کے متبرک موقعہ پر مراجع عظام رہبر معظم حضرت آیۃ اللہ سید علی خامنیٰ، حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی فرزندان اسلام اور وابستگان ولایت و امامت کی خدمت میں ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے دنیاے اسلام کی امن و سلامتی اور سر بلندی کی دعا کی۔
آغا صاحب نے امام زمانہ ؑ کے ظہور اور انقلاب کو اسلام و ملت اسلامیہ اور مظلومین عالم کے لئے عظیم بشارت اور نجات ابدی کی نوید قرار دیتے ہوئے کہا کہ امام ؑ کا آفاقی مشن کرہ ارض پر نظام عدل کا قیام اور ظلم و کفر و شرک کا مکمل خاتمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت ولی العصر ؑ کے انتظار کے فلسفے کا کلیدی پہلو یہ ہے کہ انکی غیبت میں امت مسلمہ کا ہر فرد روے زمین پر شریعت اسلامی اور عدل و انصاف کی فراہمی کے لئے حتی المقدور جدوجہد کرے اور یہی امام زمانہ ؑ کا حقیقی انتظار ہے۔
آغا صاحب نے کہا کہ ائمہ معصومین ؑ نے قائم آل محمد ؑ کے انتظار کو افضل ترین عبادت قرار دیا ہے ایک شریعت شناس معاشرے کی تشکیل اور ہر معاملے میں شریعت کے حدود و قیود کی پاسداری اور مظلومین کی فریاد رسی حضرت ولی العصر ؑ کے ظہور پر نور اور انکے انقلاب سے وابستگی کے لئے آمادگی کا اولین تقاضا ہے فرزندان توحید کو شب برات کی مبارک باد دیتے ہوئے۔
آغا صاحب نے کہا کہ یہ مقدس رات اپنے فیوض و برکات اور عظمت کے حوالے سے کافی اہمیت کی حامل ہے اورشب قدر کے بعد یہ ایسی دوسری مقدس رات ہے انجام دی جا نے والی عبادتوں اور اعمال کی استجابت کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہوتی یہی وہ رات ہے جب قرآن مقدس کو لوح محفوظ سے آسمان دنیا کی طرف منتقل کیا گیا۔