حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی مسلح افواج کے عدالتی امور کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین احمد رضا پور خاقان نے ایران کے صوبہ البرز میں نمائندہ ولی فقیہ اور کرج کے امام جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین حسینی ہمدانی کے دفتر میں ان سے ملاقات اور گفتگو کی۔
حجۃ الاسلام والمسلمین حسینی ہمدانی نے اس ملاقات کے دوران امام صادق علیہ السلام کے فرمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام فرماتے ہیں: «ثَلَاثَهُ أَشْیَاءَ یَحْتَاجُ النَّاسُ طُرّاً إِلَیْهَا الْأَمْنُ وَ الْعَدْلُ وَ الْخِصْبُ» امام علیہ السلام کے اس فرمان کے مطابق ہر معاشرے کو تین چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ امنیت، عدل و انصاف اور خوشحالی۔
انہوں نے مزید کہا: امن و سلامتی کی اہمیت عدل و انصاف اور خوشحالی سے بھی زیادہ ہے چونکہ امنیت ہی کسی معاشرہ میں عدل و انصاف، خوشحالی اور ترقی کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔
امام جمعہ کرج نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ مسلح افواج ملکی سلامتی کی محافظ اور مدافع ہیں، کہا: مسلح افواج کا عدالتی ادارہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرتا ہے کہ ان ملکی محافظوں اور مدافعینِ وطن کے لیے کوئی مشکل پیش نہ آئے۔
قابلِ ذکر ہے کہ اس ملاقات کے آغاز میں ایرانی مسلح افواج کے عدالتی ادارے کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین احمد رضا پور خاقان نے اس ادارہ کی سرگرمیوں کے بارے میں رپورٹ پیش کی اور آئندہ پروگرامز کے لائحہ عمل کی بھی وضاحت کی۔